وزیراعظم عمران خان کا نئے سوشل میڈیا قوانین سے متعلق جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کو معطل کرنے کا فیصلہ

حکومت پاکستان نے نئے سوشل میڈیا قوانین پر نظرثانی کا فیصلہ کرلیا

Ahmad Tariq احمد طارق منگل 25 فروری 2020 22:13

وزیراعظم عمران خان کا نئے سوشل میڈیا قوانین سے متعلق جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 فروری 2020ء) حکومت پاکستان نے نئے سوشل میڈیا قوانین پر نظرثانی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نے نئے سوشل میڈیا قوانین پر نظرثانی کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے، اس حوالے سے قوانین میں ترمیم جلد عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم عمران خان جلد ہی خود اس نوٹیفیکیشن کو معطل کردیں گے۔ اس ضمن میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات جاری ہے، نیا قانون جلد ہی عمل میں لایا جائے گا۔
دوسری جانب سینئر تجزیہ کار حامد میر نے سوشل میڈیا قانون کو ڈریکونین قانون قراردے دیا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کیلئے جو ظلم کا ضابطہ لایا گیا ہے، یہ سیدھی سیدھی پاکستان کے ساتھ دشمنی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت مظلوم حکومت ہے کہ اس کے نام سے ایک ظلم کا ضابطہ جاری ہوگیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہوچکا ہے، نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد پوچھتے ہیں بھئی کہاں سے آیا ، کس نے جاری کیا؟ اس میں ہمارا کردار یہ ہے کہ ہم نے مظلوم حکومت کو سمجھانا ہے کہ اس ضابطے کے پاکستان کو کیا نقصانات ہیں، ہماری سوسائٹی کو کیا نقصان ہے۔

سب سے بڑا نقصان پاکستان کے امیج کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت کہہ رہی ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی ختم ہوگئی ہے، پی ایس ایل آگئی ہے، بہت زیادہ سرمایہ کاری آرہی ہے، سیاحت بڑھ گئی ہے۔ دوسری طرف آپ پاکستان کا امیج برباد کررہے ہیں، یہ ایک ڈریکونین قانون ہے، جس کے ذریعے پاکستان کا امیج برباد کیا جارہا ہے۔اس طرح کے ڈریکونین لاء کے ذریعے حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری لا نہیں رہی بلکہ سرمایہ کاروں کو بھگا رہی ہے۔

میں سمجھتا ہوں کہ یہ اینٹی سوشل یا اینٹی میڈیا لاء نہیں ہے بلکہ اس وقت جو معروضی حالات ہیں اس میں یہ اینٹی پاکستان لاء ہے۔ خیال رہے کہ سوشل میڈیا سے متعلق مجوزہ حکومتی قوانین اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی چیلنج کر دیے گئے ہیں۔ تاہم اب شدید تنقید کے بعد حکومت نےسوشل میڈیا کے مجوزہ قوانین پر نطرثانی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔