Live Updates

تحریک انصاف کی حکومت نیک نیتی سے عوامی مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، عمر ایوب خان

بدھ 26 فروری 2020 11:22

تحریک انصاف کی حکومت نیک نیتی سے عوامی مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہی ..
ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2020ء) وفاقی وزیر توانائی، پٹرولیم اور قدرتی وسائل عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نیک نیتی سے عوامی مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، بجلی چوری روکنے کیلئے 55 ہزار مقدمات درج اور 8 ہزار لوگوں کو جیل میں ڈالا گیا، اسی طرح سخت اقدامات سے آٹا اور ٹماٹر کی قیمتیں کم ہوئیں، آئندہ چار سالوں کے دوران ایک ایک کر کے عوامی مسائل حل کریں گے۔

وہ گذشتہ روز ٹھنڈا چوہا لورہ چوک میں واٹر سپلائی سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم اکبر ایوب خان، رہنما تحریک انصاف سابق صوبائی وزیر یوسف ایوب خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ عمر ایوب خان گیس اور ٹرانسفارمر کی اپ گریڈیشن کے مطالبات منظور کرتے ہوئے کہا کہ کچھ علاقوں میں گیس کے منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ سپاسنامہ میں پیش دیگر مواضعات میں بھی گیس فراہم کی جائے گی، ابھی چار سال باقی ہیں، عوام صبر کریں ایک ایک کر کے سارے مسائل حل کریں گے، ابھی حکومت کے 15 سے 16 ماہ گذرے ہیں، عوام سابق حکومتوں سے موازنہ کر لیں اس سے قبل بجلی کے وولیٹج کتنے تھے اور آج کتنے ہیں اور یہ دن رات کی محنت سے ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرپشن اور چوری ختم کرنے کیلئے 55 ہزار ایف آئی آر جبکہ 8 ہزار افراد کو گرفتار کر کے جیلوں میں ڈالا گیا، اسی طرح عمران خان نے آٹا اور ٹماٹر بحران پر ڈنڈا استعمال کیا تب قیمتیں کم ہوئیں، حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے نیک نیتی سے محنت کر رہی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات