افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار کے موضوع پر مارچ میں قومی ڈائیلاگ کروانے کا فیصلہ

بدھ 26 فروری 2020 13:02

افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار کے موضوع پر مارچ میں قومی ڈائیلاگ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2020ء) افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار کے موضوع پر قومی ڈائیلاگ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی میزبانی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کرے گی، قومی مکالمہ آئندہ ماہ (مارچ) کے آخری ہفتہ میں منعقد ہوگا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اس حوالے سے پروگرام کو حتمی شکل دینے کے لئے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔

(جاری ہے)

قومی مکالمے میں امریکا اور افغانستان کے مابین امن معاہدے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ افغان امن عمل میں پاکستان کے مؤثر کردار کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ قومی مکالمے میں اراکین پارلیمنٹ سمیت سکالرز بھی شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ تجزیہ کاروں، سول سوسائٹی اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ قومی مکالمے میں افغان مفاہمتی عمل سے مستقبل کے لائحہ عمل کو وضع کرنے کے لئے تجاویز پر مبنی مسودہ تیار کیا جائے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن کے قیام سے خطے میں استحکام آئے گا اور افغان امن عمل پاکستان اور خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔