سید اصغر معصوم کشمیر کی ثقافتی پہچان اور ریاستی اثاثہ تھے‘ڈاکٹر راجہ عارف خان

مرحوم نے چاروں صوبوں سمیت ملک بھر میں تحریک آزادی کشمیر اور خطہ کی ثقافت کو اجاگر کرنے میں کلیدی رول ادا کیا

بدھ 26 فروری 2020 13:07

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2020ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ر)چیئرمین کشمیر کلچرل بورڈ ڈاکٹر راجہ عارف خان اور سابق وزیر حکومت محمد حنیف اعوان نے کہا ہیکہ سید اصغر معصوم کشمیر کی ثقافتی پہچان اور ریاستی اثاثہ تھے۔مرحوم نے چاروں صوبوں سمیت ملک بھر میں تحریک آزادی کشمیر اور خطہ کی ثقافت کو اجاگر کرنے میں کلیدی رول ادا کیا۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ثقافتی تنظیم پاک کشمیر آرٹس اینڈ کلچرل سوسائٹی مظفرآباد کے زیر اہتمام کشمیر کلچرل بورڈ کے بانی چیف آرگنائزر نیشنل پروگرام کوآڈینیٹر سید علی اصغر معصوم مرحوم کی یاد میں منعقد ہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس سے ڈائریکٹر سپورٹس یوتھ کلچر سردار شوکت حیات،ڈائریکٹر جنرل ڈیزائن افتخار کیانی،ممتاز ماہر تعلیم طارق شفیع ،اشفاق ترین،جائنٹ سیکرٹری مسلم لیگ ن چوہدری احسن منظور،سردار اشتیاق آتش،نثار الرحمٰن عباسی،شہزاد لولابی ،سلیم اختر اعوان،نوید الرحمٰن خیالی،نائلہ شاہزمان،نثار اعوان،نادر سواتی،عاشق بٹ،عبدالباسط نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ آزادکشمیر میں فن اور فنکار کے رشتے کو قائم رکھنے اور خطہ کی تہذیب و ثقافت کو زندہ رکھنے کیلئے چند لوگ اور دو چار تنظیمیں ثقافتی سطح پر تحریک آزادی کشمیر اور ثقافت کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے خدمات جاری ر کھی ہوئی ہیں۔انہی میں ایک نام اصغر معصوم کا تھا مرحوم آخری وقت تک کشمیر کی ثقافت کے فروغ کیلئے سرگرم رہے وہ شاہ ہمدان کے مشن پر کام کررہے تھے۔

مقررین نے کہا کہ آزادکشمیر میں آج تک آرٹس کونسل نہ بن سکی علم و ادب اور ثقافت کیلئے حکومتی سطح پر کام نہ ہو سکا آزادکشمیر میں ثقافتی شعبہ کو اور اس سے وابسطہ افراد کو سراسر نظرانداز کیا گیا جسمیں تمام حکومتیں اور ارباب اختیار ذمہ دار ہیں مقررین نے سید اصغر معصوم کی ثقافتی خدمات پر انھیں خراج عقیدت و تحسین پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت فن و ثقافت کیلئے زندگی وقف کرنے والے اصغر معصوم کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کوئی ادارہ انکے نام سے مو سوم کرے۔سید اصغر معصوم ایک دلیر انسان اور فن سے محبت کرنے والے آرٹسٹ تھے جن کی کمی پوری نہیں کی جا سکے گی حکومت آزادکشمیر ان کی بیوہ کیلئے مالی امداد کا اعلان کرے اور فنکاروں کیلئے ٹرسٹ قائم کیا جائے۔