درخت انسانی حیات کی ضمانت ہیں ، پروفیسرڈاکٹر تسلیم حسین

بدھ 26 فروری 2020 13:24

درخت انسانی حیات کی ضمانت ہیں ، پروفیسرڈاکٹر تسلیم حسین
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2020ء) کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں کوہاٹ سیمنٹ فیکٹری کے تعاون سے پلانٹ فار پاکستان کے تحت شجرکاری مہم کا افتتاح ہو گیا۔ کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے پرووائس چانسلراور سوشل سائنسسزڈین پروفیسر ڈاکٹرتسلیم حسین نے کسٹ میں پودا لگا کر باقاعدہ مہم کا افتتاح کیا ،جس میںکوہاٹ سیمنٹ فیکٹری کے جنرل منیجر مقصود عباسی،سی ایس آر افیسر کفایت اللہ کے علاوہ کسٹ کے پروفیسرزبھی موجود تھے، اس موقع پرکوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے پرووائس چانسلراور سوشل سائنسسزڈین پروفیسر ڈاکٹرتسلیم حسین نے بات چیت کرتے ہو ئے کہا کہ درخت انسانی حیات کی ضمانت ہیں، زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر نہ صرف ہم اپنے ماحول کو خوشگوار بنا سکتے ہیں بلکہ صدقہ جاریہ میں شامل ہو کر اپنی آخرت بھی سنوار سکتے ہیں، وزیر اعظم گرین اینڈ کلین پاکستان پروگرام کے تحت کوہاٹ سیمنٹ فیکٹری کے تعاون سے آج پلانٹ فار پاکستان مہم شروع کرکے شجر کاری کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کوہاٹ سیمنٹ فیکٹری کے جنرل منیجر مقصود عباسی نے کہا کہ پاکستا ن کو سرسبز بنانے کے لئے حکومتی احکامات کی روشنی میں کوہاٹ میں 46000ہزار پودے لگائے جا ئیں گے اورکوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں4000 ہزارپودے موسم بہار میں لگارہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انسانی زندگی اور قدرتی ماحول کے لئے پودوں اور درختوں کی بڑی اہمیت ہے اور اس کا فروغ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، درخت ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد کوہاٹ کو موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات اور سیلاب جیسے قدرتی آفات سے بچانا اور عوام کو صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے لہذا کوہاٹ سیمنٹ فیکٹری وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق زیادہ سے زیادہ پودے لگا کران کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی اور کوہاٹ کو موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات سے بچانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے ۔

انھوں نے کہا کہ پودوں کی پرورش اورحفاظت کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے قابل عمل پلان ترتیب دیا گیا ہے ۔مقصود عباسی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ہر فرد ضرور ایک پودا لگاکر اس کی حفاظت بھی یقینی بنائے ۔انھوں نے کہا کہ درخت انسانی حیات کی ضمانت ہیں زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر نہ صرف ہم اپنے ماحول کو خوشگوار بنا سکتے ہیں بلکہ صدقہ جاریہ میں شامل ہو کر اپنی آخرت بھی سنوار سکتے ہیں۔