لاہور قلندرز پر تنقید کرنا شائقین کرکٹ کا حق ہے، محمد حفیظ

آنے والے میچز میں بہتر کھیلیں گے کیونکہ ہم متحد ہیں، بہتر پرفارمنس سے لوگوں کے دل جیتیں گے، اسٹار لاہور قلندرز

بدھ 26 فروری 2020 13:56

لاہور قلندرز پر تنقید کرنا شائقین کرکٹ کا حق ہے، محمد حفیظ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2020ء) پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز کے محمد حفیظ نے کہا ہے کہ پرفارمنس اچھی نہیں ہو گی تو تنقید اور غصہ کرنا شائقین کرکٹ کا حق ہے۔ ایک انٹرویومیں محمد حفیظ نے کہا کہ ٹیم نے میچ جیتا ہو اور اس میں بلے باز کا حصہ خواہ 10 رنز بھی ہوں تو جیت اچھی لگتی ہے تاہم جب بیٹسمین نے سنچری ہی کیوں نہ بنائی ہو اور ٹیم میچ ہار جائے تو اس کا مزہ نہیں آتا۔

انہوںنے کہاکہ میچ میں غلطیاں ہو ئیں، بہتر فیصلے نہیں کیے جو ہمیں کرنے چاہیے تھے، میچ میں اہم موقع ملے لیکن ان سے فائدہ نہیں اٹھایا جاسکا۔انہوںنے کہاکہ میچ میں کھلاڑیوں نے عمدہ پرفارمنس دی، امید ہے اس تسلسل کو کھلاڑی برقرار رکھیں گے اور اپنا اپنا حصہ بھی ڈالیں گے۔

(جاری ہے)

محمد حفیظ نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ شائقین کی ایک بڑی تعداد اسٹیڈیم آئی، انہیں اپنے اسٹارز کو دیکھنے کا موقع مل رہا ہے، میچز بھی سنسنی خیز ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شائقین ملک میں کرکٹ کی کمی بہت محسوس کر رہے تھے تاہم اب اس کی کمی پوری ہو رہی ہے اور اسی وجہ سے شائقین بڑی تعداد میں اسٹیڈیمز کا رخ کر رہے ہیں جس میں مزید اضافہ ہو گا۔محمد حفیظ نے کہاکہ لوگ لاہور قلندرز کی ٹیم سے دل سے پیار کرتے ہیں اور جب ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں ہو گی تو یہ ان کا حق بھی ہے کہ وہ تنقید کریں۔انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ آنے والے میچز میں بہتر کھیلیں گے کیونکہ ہم متحد ہیں ایک یونٹ بنے ہو ئے ہیں، بہتر پرفارمنس سے لوگوں کے دل جیتیں گے۔ خیال رہے کہ اسلام آباد کے خلاف محمد حفیظ نے غیر معمولی اننگز کھیلی اور 57 گیندوں پر 7 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 98 رنز بنائے تھے۔