کورونا وائرس سے بچائو کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتیں مربوط قومی حکمت عملی مرتب کریں

صدر مسلم لیگ (ن) و قائد حزب اختلاف شہبازشریف

بدھ 26 فروری 2020 15:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہبازشریف نی کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مل کر مربوط قومی حکمت عملی مرتب کرنی چاہیے۔یہ بات انھوں نے بدھ کو اپنے ایک بیان کہی۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کی حفاظت کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے حکمت عملی بنائی جائے،کورونا وائرس سے بچائو کی حفاظتی تدابیر کے لیے قومی حکمت عملی وضع کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے،چین کی طرز پر ملک بھر میں طبی علاج گاہوں کی فوری طور پر تیاری شروع کی جانی چاہیے جو بوقت ضرورت کام آسکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بہترین ڈاکٹرز، ماہرین اور محققین پر مشتمل خصوصی ٹاسک فورس تشکیل ، وفاقی اور صوبائی سطح پر مانیٹرنگ اور سفارشات کی تیاری کا طریقہ کار وضع کیاجائے۔انھوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان اشتراک عمل کے لیے نظام مرتب کیاجائے تاکہ مربوط ایکشن ہوسکے۔