بالاکوٹ حملہ کے بعد بھارت کی2 طیارے کو مارگرانے اور پائلٹ کو گرفتار کرنے کا ایک سال مکمل ہونے پر" ناقابل تسخیر عزم" کے عنوان سے دستاویزی فلم کا اجراء

قوم 27 فروری کو یوم فتح کے طور پر منائے، ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان

بدھ 26 فروری 2020 16:53

بالاکوٹ حملہ کے بعد بھارت کی2 طیارے کو مارگرانے اور پائلٹ کو گرفتار ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2020ء) بالاکوٹ حملہ کے بعد بھارت کی2 طیارے کو مارگرانے اور پائلٹ کو گرفتار کرنے کا ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان نی" ناقابل تسخیر عزم" کے عنوان سے دستاویزی فلم کا اجراء کر دیا ہے، پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ افواج پاکستان پیشہ وارانہ صلاحیت اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے ساتھ جڑے وسائل کو استعمال کرتے ہوئے ملک کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے کردار ادا کرتی رہیں گی، پاکستان نے دستاویزی فلم کے ذریعے حقائق دنیا کے سامنے رکھ کر بھارتی جھوٹ اور پرپیگنڈے کو بھی مات دیدی ہے،27 فروری پاک فضائیہ کی جوابی کارروائی ہمارا فخر ہے ،پوری قوم (آج) بدھ کو فخر کے ساتھ یوم فتح منائے گی، پاک فضائیہ نے 27 فروری سرپرائز دیکر بھارت کو شکست دی ۔

(جاری ہے)

وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے تیار کی گئی " ناقابل تسخیر عزم" کے عنوان سے دستاویزی فلم کے اجراء کے موقع پر وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ امن کی خواہش پاکستان کے قومی بیانیے کا بنیادی حصہ ہے، بھارتی قیدی پائلٹ کی رہائی بھی امن کی خواہش کا اظہار تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں ہندتوا سوچ مسلمانوں کی نسل کشی کا باعث بن رہی ہے،دہلی کی سڑکوں پر بکھری مسلمانوں کی لاشیں مودی کے نفرت آمیز بیانیے کا نتیجہ ہے، صدر ٹرمپ نے بھارتی سرزمین پر کھڑے ہوکر دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے کردار کو سراہا، صدر ٹرمپ کا بیان سفارتی حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے بیان سے مودی کے نفرت اور متعصبانہ بیانیے کو شکست ہوئی۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،قوم 27فروری کو یوم فتح کے طور پر منائے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دو بھارتی طیاروں کو مار گرا کے دنیا کے سامنے اپنے ناقابل تسخر ہونے کا لوہا منوایا ،مرضی اور وقت کے مطابق بھارت کو سرپرائز دیتے ہوئے خطے کے اندر اپنے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ،آئندہ بھی ایسی حرکت ہوئی تو پاکستان ایسے ہی 27فروری کے سرپرائز دیتا رہے گا ۔

اس موقع پر وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے تیار کی گئی " ناقابل تسخیر عزم" کے عنوان سے دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں 27فروری کو بین الاقوامی سرحد کے قریب بھارتی طیارے فضاء میں بلند ہونے کی ریڈار سے ملنے والی اطلاع کے ساتھ پاک فضائیہ کے جانبازوں کو ہنگامی حالات کا بٹن دبا کر آگاہ کیا گیا جس کے ساتھ ہی تیار بیٹھے ہوئے دو پائلٹس نے اپنے اپنے طیارے فضاء میں بلند کیے اور دشمن کے طیارے کومار گرایا اس دوران بھارتی طیارے کا پائلٹ جس نے طیارہ تباہ ہوتے ہی چھلانگ لگائی کو گرفتار کرتا ہوا دکھایا گیا ،اس دستاویزی فلم میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے دو طیاررے مارگرانے اور پائلٹ گرفتاری کے بعد وزیراعظم کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پائلٹ کی رہائی اورپاکستان کا دو ٹوک موقف کے علاوہ اس ساری صورتحال پر عالمی دفاعی تجزیہ نگاروں ،ماہرین کے طیاروں کے ملنے والے آلات ،استعمال نہ ہوئے میزائلوں کی تفصیلات کا بھی بتایا گیا ہے اس دستاویزی فلم میں پاکستان کے دفاعی تجزیہ نگاروں کے کمنٹس بھی شامل کیے گئے ہیں اور اسکے ساتھ ساتھ پاکستانی باہمت اور جرات مند قوم کا پاکستان زندہ باد کے نعروں کے ساتھ عزم ،جوش اور ولولہ بھی دکھایا گیا ہے۔

قبل ازیں پاک فضائیہ نے ایک سال مکمل ہونے پر 27 فروری2019 کو بھارتی شکست کے ناقابل تردید ثبوث دنیا کے سامنے رکھتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھینندن کے مگ۔ 21 بائسن طیارے کے چاروں میزائل نمائش کیلئے پیش کیے تھے ، دنیا کو بتایا گیا کہ بھارتی مگ طیارے سے کوئی میزائل فائر نہیں ہوا اور نہ ہی ایف سولہ طیارہ گرایا گیا۔ دنیا کے سامنے حقائق رکھنے کا مقصد بھارتی فضائیہ کی جانب سے پاکستانی ایف سولہ گرانے سے متعلق جھوٹے پروپیگنڈہ کو بے نقاب کرنا تھا ۔

واضح رہے کہ 27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی فورسز کے لڑاکا طیارے کو مار گرایا تھا۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا تھا کہ پاک فضائیہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فضائیہ کی در اندازی کو ناکام بنا دیا اور بھارتی لڑاکا طیارے کو مار گرایا۔ بھارت کا مِگ 21 طیارہ آزاد کشمیر میں تباہ کیے جانے کے بعد اس کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ اگلے روز ہی وزیر اعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران اعلان کیا تھا کہ ہم امن کے لیے بھارت کے گرفتار پائلٹ ابھی نندن کو رہا کردیں گے۔ یکم مارچ 2019ء کو ابھی نندن کو سخت سکیورٹی میں واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا تھا۔