وزیر اعظم عمران خان، حکومت اور پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، ہٹلر نما مودی نے بھارت میں اقلیتوں پر زندگی تنگ کر رکھی ہے، مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا، صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کا سیمینار سے خطاب

بدھ 26 فروری 2020 17:33

وزیر اعظم عمران خان، حکومت اور پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2020ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان،حکومت اور پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہٹلر نما مودی نے بھارت میں اقلیتوں پر زندگی تنگ کر رکھی ہے جبکہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔ بھارتی اداروں نے ریاستی دہشت گردی کی ہر حد پار کر دی ہے۔

بھارت میں انسانی حقوق کی بد ترین پا مالیوں پر انسانی حقوق کی تنظیمیں کیوں خاموش ہیں ان تنظیموں کے ضمیر کو جھنجوڑنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاںگورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں کشمیرڈے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کشمیر کمیٹی کے چیئر مین سید فخر امام،وائس چانسلر یونیورسٹی ڈاکٹر اصغر زید ی،فیکلٹی ممبران،اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے سیمینار میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر میاںاسلم اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر کا مسئلہ اقوام متحد ہ کے فورم پر بھر پور قوت سے اٹھایا ہے۔بھارت نے گزشتہ برس 27 فروری کو جارحیت کی کوشش کی،محدود وسائل کے باوجود پاک فوج نے بھر پور جواب دیا۔بھارت جان لے کہ جنگیں وسائل سے نہیں بلکہ جذبے سے لڑی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مائیں اپنے بچوں کی شہادت پر آنسو نہیں بہاتیں بلکہ فخر کرتی ہیں۔

ہمارا تعلق اس قوم سے ہے جس کے جنگ میں زندہ بچ جانے والے غازی کہلاتے ہیں اور شہید ہونے والے اپنے رب کے ہاں اعلیٰ رتبہ پاتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کو کسی جبر اور ظلم سے دبایا نہیں جا سکتا۔کشمیر کمیٹی کے سابقہ چیئر مین مولانا فضل الرحمان مراعات سے فائدہ اٹھاتے رہے لیکن عملی طور پر کچھ نہ کیا۔کشمیر کمیٹی کے موجودہ چیئرمین سید فخر امام کی مادر وطن کیلئے بڑی خدمات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمار ا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے اور مل کر اسے اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے۔ متعصب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارت میں مسلمانوں اور کشمیریوں کا قتل عام کیا ہے۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے انسانیت کے قاتل مودی کو اپنے گھر بلایا۔ ماضی کے حکمرانوںنے کرپشن،منی لانڈرنگ اور ملک کو قرضوں کی دلدل میں پھنسایا۔

سابقہ حکمرانوں نے معیشت کے ساتھ جو کھلواڑ کیا اس پر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ سابقہ حکمران بیرون ممالک جاکرتقریریں کر تے تھے کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے جنت ہے لیکن انہوں نے اپنی اولادوں سے برطانیہ،سپین اور دیگر ممالک میں سرمایہ کاری کروائی۔سابقہ کرپٹ حکمرانوں نے قوم کے بچوں کو مقروض کیا لیکن اپنی اولادوں کیلئے بیرون ملک محلات بنائے۔یہ حکمران ملک میں کوئی ایسا ہسپتال بھی نہ بنا سکے جہاں ان کا علاج ہوسکتا۔