کتاب انسان کی بہترین رفیق اور رہنماء ہے،جان محمد بلوچ

بدھ 26 فروری 2020 17:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2020ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ کتاب انسانی زندگی کی بہترین رفیق اور رہنماء ہے ،آج کے اِس جدید دور میں فیس بک،ٹویٹر اور سماجی رابطوں کے تیز ترین ذرائع میسر ہونے کے باوجود کتاب کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ہے بلدیہ ملیر میں جدید اور مثالی لائبریریوں کا قیام عمل میں لارہے ہیں تاکہ طلبہ وطالبات اور شائقین کُتب اپنے ذوق اور خواہش کے مطابق حصولِ علم کے بہتر مواقع سے مستفید ہوسکیں ۔

اِن خیالات کا اظہار انہوں نے سردار عبدالرب نشتر لائبریری مظفر آباد یونین کمیٹی نمبر3میں لائبریری ملازمین کے لیے جدید لائبریری آگاہی اور مینجمنٹ کے لیے ریفریشر کورس کے پروگرام کے انعقاد کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

اِس موقع پر بانی ممبر کونسل آف کراچی (CKL) سید سلطان خلیل، سینئر لائبریرین رابعہ باسط، ماسٹر ٹرینر وقار ارشاد، چیئرمین یونین کمیٹی احسان اللہ ٹھکروی،وائس چیئرمین ملک محمد تاج، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن واثق ظفر، اسسٹنٹ ڈائر یکٹر ایڈمنسٹریشن محمد عدنان، ڈائریکٹر لائبریری ممتاز احمد، ڈائریکٹرکونسل محمد سلیم پراچہ، ڈائریکٹر ٹیکسیشن ثناء اللہ، اکاونٹ آفیسر جاوید ابڑو، ڈائریکٹر انفارمیشن سلیم خان ودیگر موجود تھے۔

بانی ممبر کونسل آف کراچی سید سلطان خلیل نے ریفریشر کورس کے مندو بین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد عملے میں جدید لائبریری کے انتظامی و تکنیکی امور سے متعلق مکمل آگاہی پیدا کرنا ہے تاکہ تربیت یافتہ عملہ ضلع ملیر میں لائبریری کلچر کو آگے بڑھانے میں موثر کردار ادا کر سکے اب انشاء اللہ پاکستان میں کتاب کلچر پروان چڑھے گا، چیئرمین بلدیہ ملیر نے مزید کہا کہ کُتب بینی انسانی شعور کو نکھارتی ہے،حیاتِ انسانی کے تمام تر پہلوئو ں کی رہنمائی کتاب سے حاصل کی جاسکتی ہے ،کتاب سے دوری معاشرے میں بگاڑ کا سبب بن رہی ہے ایسے میں ہماری اولین ذمہ داریوں میں یہ امر بھی شامل ہے کہ ہم لوگوں کا کتاب سے رشتہ جوڑنے کیلئے اپنے اپنے حصے کی ذمہ داریاں ادا کریں،انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بلدیہ ملیر میں جو لائبریریاں غیر فعال ہیں اُن کو فعال بنایا جائے،لائبریریوں کے اطراف کے رہائشیوں کے ذوق وشوق کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے لائبریریوں میں کتابوں کی فراہمی عمل میں لائی جائے،لائبریریوںمیں علمی،ادبی،تفریحی،معلوماتی ،دینی اور دیگر شعبہ جات پر مشتمل کتابوں کی موجودگی کیلئے علاقائی نمائندگان ومعززین کی مشاورت حاصل کی جائے۔

چیئرمین بلدیہ ملیر نے مزید کہا کہ بلدیہ ملیر مختلف مذاہب اور اقوام پر مشتمل منی پاکستان ہے ،لہذا کتابوں کے انتخاب کے وقت اِس امر کا بالخصوص لحاظ رکھا جائے کہ مذہبی وقومی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہوئے مختلف مذاہب وعقائد اور پاکستان میں بسنے والی مختلف قوموں کی ثقافتی،تہذیبی اور روائتی معلومات پر مشتمل کتابیں شامل ہوں۔