تھرکول سے 1 لاکھ میگاواٹ بجلی 300 سالوں تک بنائی جا سکتی ہے۔ چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ

ایڈوانس ڈپلومیٹک کورس کے 33 ملکوں کے سفیروں کے وفد کی ملاقات

بدھ 26 فروری 2020 19:25

تھرکول سے 1 لاکھ میگاواٹ بجلی 300 سالوں تک بنائی جا سکتی ہے۔ چیف سیکریٹری ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2020ء) چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ قدرتی وسائل سے مالامال صو بہ ہے، یہاں سرمایہ کاری کے بے حد مواقع ہیں ۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تھر کو ل کامیاب منصوبہ ہے جس سے 660 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہورہی ہے۔ تھرکول سے 1 لاکھ میگاواٹ بجلی 300 سالوں تک بنائی جا سکتی ہے۔

یہ بات انہو ںنے ایڈوانس ڈپلومیٹک کورس کے 33 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کی۔ وفد میں افغانستان، جنوبی افریقہ، عراق، بحرین، مراکش، نیپال، فلسطین، سوڈان، یوکرین، یمن، زمبیا، مالدیپ اور سری لنکا سمیت 33 ممالک کے زیر تربیت سفیر شامل تھے۔ چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے وفد کو اسپیشل اکنامک زون، تھر کول اور سیکیورٹی صورتحال کے متعلق آگاہی دی۔

(جاری ہے)

چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے وفد کو بتایا کہ تھر کول کے علاوہ سندھ کے ونڈ کوریڈور سے 50 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف دوسال کے قلیل عرصہ کے دوران ہوا سے بجلی کی پیداوار میں 1200 میگا واٹ اضافہ ہوا ہے۔ چیف سیکرٹری سندھ نے وفد کو مزید بتایا کے کورنگی اکنامک زون، بن قاسم اکنامک زون اور خیرپور اکنامک زون کے بعد اب دھا بیجی اسپیشل اکنامک زون بنا رہے ہیں۔

پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 3 مزید اکنامک زون ناوینا، بولاری اور نوشہرو فیروز میں بنانے کا بھی منصوبہ ہے۔ ترقیاتی منصوبوں پر بات کرتے ہوئے ممتاز علی شاہ نے کہا کہ مالی سال-20 2019 میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے 284 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ صوبائی حکومت نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر خصو صی توجہ دی ہے۔ کراچی میں رواں سال 40 منصوبے شروع کئے جس میں روڈ، اسٹرانگ واٹر ڈرین، انڈر پاس کے 20 منصوبوں کو مکمل کیا گیا ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے مزید کہا کہ ورلڈ بینک کی مدد سے کلک پراجیکٹ کے ذریعہ کراچی کے بلدیاتی اداروںایس بی سی اے اور واٹر بورڈ کی اپ گریڈیشن کے منصوبے شامل ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ شہر کے ٹرانسپورٹ سسٹم کی بحالی کے لئے یلو لائن، ریڈ لائن اور سرکلر ریلویز کے منصوبے شامل ہیں۔ ایڈوانس ڈپلومیٹک کورس کے وفد کو سیکرٹری داخلہ سندھ محمد عثمان چاچڑ، سیکریٹری انویسٹمنٹ سید نجم شاہ، سیکریٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ شیرین ناریجو اور سیکریٹری انرجی مصدق احمد خان نے سیکیورٹی صورتحال، ترقیاتی منصوبے اور انرجی کے مختلف منصوبوں کے متعلق اہم معلومات دی۔

فارن سروس اکیڈمی کے ڈائریکٹر پروگرام محمد واصف نے کہا کہ کورس میں 33 ممالک کے شرکاء شامل ہیں جنہوں نے پاکستان کے مختلف شہروں اوراہم تاریخی وتہذیبی ورثہ کے حامل مقامات کا دورہ کیا اورپاکستانی تہذیب وثقافت کے مختلف رنگوں کوقریب سے دیکھا۔ انہو ںنے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے دی گئی بریفنگ سے سفیروں کے وفد کو پاکستان میں موجود انویسٹمنٹ کی صلاحیت کا اندازہ ہوگیا ہے۔ چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے اس امید کااظہارکیا کہ شرکاء اپنے ممالک میں پاکستان کے سفیروں کا کرداراداکریں گے۔بعدازاں چیف سیکریٹری سندھ نے وفد کو صوبائی حکومت کی جانب سے شیلڈ پیش کی۔