ایک ہی دن میں پاکستان میں کرونا وائرس کے دو کیسز کی تصدیق

ملک میں کرونا وائرس کے دو کیسز کی تصدیق کرتا ہوں، دونوں مریضوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انکا علاج کیا جا رہا ہے: معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ ڈاکٹر ظفر مرزا کا ٹویٹ

Usama Ch اسامہ چوہدری بدھ 26 فروری 2020 21:59

ایک ہی دن میں پاکستان میں کرونا وائرس کے دو کیسز کی تصدیق
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 26 فروری 2020) : ایک ہی دن میں پاکستان میں کرونا وائرس کے دو کیسز کی تصدیق، تفصیلات کےمطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام دیتے ہوئے معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے دو کیسز کی تصدیق کرتا ہوں، دونوں مریضوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انکا علاج جاری ہے۔

انھوں نے کہا کہ دونوں مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور حالات قابو میں ہیں۔ انکا مزید کہنا ہے کہ تمام ترحالات قابو میں ہیں، میں تافتان سے واپسی پر اس بارے میں ایک پریس کانفرنس کرونگا۔
واضع رہے کہ اس سے قبل کراچی میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ کا کہنا تھا کہ مریض کی شناخت 22 سالہ یحییٰ جعفری کے نام سے ہوئی ہے جس کو علاج کے لیے نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا تھا کہ یحییٰ جعفری ایران سے بس کے ذریعے پاکستان پہنچا تھا اور اسکے ساتھ اہل خانہ بھی موجود تھے جنکا بھی معائنہ کیا جا رہا ہے۔ اس حوالےسے ڈی جی ہیلتھ سندھ ڈاکٹر مبین کا کہنا تھا کہ مذکورہ مریض کو فوری طورپر آئسولیشن وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اسکی نگہداشت کی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا تھا کہ ابھی مریض کے اندر کرونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے، چار گھنٹے کے بعد حتمی رپورٹ سامنے آئیگی، جسکے بعد حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔

دوسری جانب ایران سے کرونا وائرس کی منتقلی کو روکنے کے لیے بلوچستان میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ صوبے میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اقدامات کی نگرانی کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا تھا کہ وائرس سے بچاؤ کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، ایران سے منسلک اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ضلعی صحت افسران کو تمام احتیاطی تدابیر کی گئی ہے۔