علاج مکمل ہونے تک نواز شریف لندن میں رہیں گے.رانا ثناءاللہ

میڈیکل ٹیم فیصلہ کرے گی کہ میاں صاحب کو کب ہسپتال لے جانا ہے. صدر مسلم لیگ نون پنجاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 27 فروری 2020 18:12

علاج مکمل ہونے تک نواز شریف لندن میں رہیں گے.رانا ثناءاللہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27 فروری۔2020ء) پاکستان مسلم لیگ نواز پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نے نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاج مکمل ہونے تک سابق وزیراعظم لندن میں رہیں گے.ماڈل ٹاﺅن میں اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے منتخب جنرل سیکرٹری عمیر بلوچ ایڈووکیٹ، نون لیگ لائرز فورم کے رہنما رانا ظفر اقبال اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک علاج کی ضرورت ہو گی نوازشریف لندن میں رہیں گے سب کی دعا ہے وہ روبصحت ہو کر واپس آئیں.

(جاری ہے)

رانا ثنااللہ نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف جب لندن گئے تو صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے کہا تھا کہ کچھ ٹیسٹ ملک میں نہیں ہو سکتے ہیں یاسمین راشد کہتی رہیں کہ نوازشریف باہر علاج کے لیے جا سکتے ہیںحکومتی میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کو لندن جانے کی اجازت دی. انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے ایک شخص نے کہا کہ نواز شریف کے باہر جانے کے لیے ساڑھے 7 ارب روپے کی شرط لگائی گئی جو شرم کا باعث ہے‘رانا ثنااللہ نے کہا کہ نوازشریف کی میڈیکل ٹیم فیصلہ کرے گی کہ کب انہیں ہسپتال لے جانا ہے میڈیکل ٹیم فیصلہ کرے گی کہ کب نواز شریف سفر کر سکتے ہیں.انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے معاملے میں حکومت کا کوئی استحقاق نہیں رہا نواز شریف کی ضمانت میں توسیع نہ دے کر حکومت نے اخلاقی پستی کا مظاہرہ کیا ہے سیاسی رواداری جو کبھی ملک میں تھی 2014 کے بعد عمران خان نے ملیا میٹ کر دی.رانا ثنااللہ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے نواز شریف کے باہر جانے کی اجازت سے انکار کر دیا ہے اس حوالے سے نون لیگ کی قانونی ٹیم کورٹ جائے گی اور عدالت قانون اور اخلاقی قدروں کے مطابق فیصلہ کرے گی امید ہے عدالت کا فیصلہ نوازشریف کے حق میں ہو گا.اس موقع پر اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے منتخب جنرل سیکرٹری عمیر بلوچ ایڈووکیٹ نے دیگر ساتھی وکلاءکے ہمراہ مسلم لیگ نون میں شامل ہونے کا اعلان کیا.

رانا ثنااللہ نے کہا کہ جس جذبے سے وکلاءرہنما پارٹی میں شامل ہوئے ہیں ہم بھی ان کا بھر پور ساتھ دیں گے وکلاءجمہوریت، عام آدمی کے حقوق اور قانون کی حکمرانی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں.