امریکی صدر کا بھارت کے دورے دوران مسئلہ کشمیر پر ثالثی کا بیان اچھی پیش رفت ہے ،

چیئرمین جموں و کشمیر ہیومن رائٹس کمیشن ہمایوں زمان مرزا کی اے پی پی سے گفتگو

جمعرات 27 فروری 2020 19:22

لاہور۔27 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) چیئرمین جموں و کشمیر ہیومن رائٹس کمیشن ہمایوں زمان مرزا نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا حالیہ دورہ بھارت کے دوران مسئلہ کشمیر پر ایک مرتبہ پھر ثالثی کا بیان اچھی پیش رفت ہے۔ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت سے ہندوستان کا مسلسل انکار کرنا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ امریکی صدر نے مودی سرکار کو یہ باور کرانے کی کوشش کی کہ جنگ سے مسئلہ کشمیر کا حل ممکن نہیں، بہتر یہ ہو گا کہ دونوں ممالک مل بیٹھ کر کشمیری قیادت سے بامقصد مذاکرات کر کے اس مسئلہ کا بہتر حل تلاش کریں۔

یہاں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین جموں و کشمیر ہیومن رائٹس کمیشن ہمایوں زمان مرزا نے کہا کہ اگر بھارت نے جموں و کشمیر کی عوام کو حق خودارادیت نہ دیا اور کشمیر میں قتل و غارت گری اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ختم نہ کیں تو پوری دنیا کا امن تباہ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس لئے مودی سرکار کو پیغام دیتا ہوں کہ بندوق کے زور پر کسی قوم کی شناخت اور آزادی کو روکا نہیں جا سکتا۔

کشمیری کل بھی پاکستان سے محبت کرتے تھے اور کشمیری آج بھی پاکستان کو اپنی منزل سمجھتے ہیں۔ ہمایوں زمان مرزا نے کہا کہ مودی حکومت کی طرف سے بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے جانیوالے مظالم اور مساجد کو شہید کرنے سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں جو کہ ناقابل برداشت اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کے مرتکب ہیں۔ چیئرمین جموں و کشمیر ہیومن رائٹس کمیشن نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیوگوتریس سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے اندر بھارتی افواج کی طرف سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانیوالے تاریخ کے بدترین مظالم اور کشمیری رہنمائوں کی گرفتاریوں کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کو مقبوضہ کشمیر اور کنٹرول لائن پر بھیجے تاکہ انہیں معلوم ہو سکے کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں اور کنٹرول لائن پر کشمیری عوام کے ساتھ کس قدرمظالم کے پہاڑ گرا رہا ہے۔

ہمایوں ۔زمان مرزا نے وزیراعظم عمران خان کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کی جانیوالی ملکی و بین الاقوامی کوششوں اور کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح وزیراعظم پاکستان نے کشمیری عوام کے مقدمہ کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے جو اقدامات اٹھائے وہ قابل ستائش اور قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام وزیراعظم عمران خان سے توقعات رکھتے ہیں کہ وہ اپنے کشمیری بہن بھائیوں کا جس جرات مندی اور مخلصانہ انداز میں وکالت اور ترجمانی کا حق ادا کر رہے ہیں اس وقت کشمیر کے دونوں طرف کے عوام اپنے وزیراعظم سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔