چین نے پاکستانی فصلوں کو ٹڈی دل کے حملے سے نجات دلانے کیلئے ایک لاکھ بطخوں کے انتظامات شروع کردیے

جمعرات 27 فروری 2020 19:54

بیجنگ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) چین نے پاکستانی فصلوں کو ٹڈی دل کے حملے سے نجات دلانے کیلئے ایک لاکھ بطخوں کے انتظامات شروع کر دیئے ہیں۔ اس وقت پاکستان نے ٹڈی دل کے فصلوں پر حملے کی وجہ سے ایمرجنسی نافذ کی ہے کیونکہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران اتنی بڑی تعداد میں ٹڈی دل نہیں دیکھی گئیں۔

(جاری ہے)

برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق چینی ماہرین کا خیال ہے کہ ٹڈی دل کے خاتمہ میں کیڑے مار ادویات سے زیادہ موثر بطخ ہے کیونکہ وہ روزانہ اوسطاً 200 ٹڈیاں کھا جاتی ہے چین نے ٹڈی دل کے خاتمہ کیلئے پاکستانی ماہرین کی تربیت کا اعلان کیا تھا۔

سنکیانگ اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز کی سینئر ریسرچر لولی زی کا کہنا ہے کہ بطخیں حیاتیاتی ہتھیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک مرغی دن میں 70 جبکہ بطخ 200 ٹڈی دل کھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ بطخیں چونکہ گروپ کی صورت میں رہتی ہیں اس لئے وہ زیادہ موثر ہیں۔ چین بطخوں سے ٹڈی دل کے خاتمے کا نیا تجربہ مغربی صوبے سنکیانگ میں کرے گا۔ تجربے کی کامیابی پر ان بطخوں کو سندھ، بلوچستان اور پنجاب کیلئے روانہ کیا جائے گا ۔ چین نے 2000 میں 30 ہزار بطخوں کی مدد سے اپنے ایک صوبے میں ٹڈی دل کا خاتمہ کیا تھا۔