دہلی مسلم کش فسادات کی سماعت کرنیوالے جج کا تبادلہ

جمعرات 27 فروری 2020 22:10

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2020ء) دہلی مسلم کش فسادات کی سماعت کرنے والے ہائی کورٹ کے جج مرلی دھر کا تبادلہ کردیا گیا، جسٹس مرلی نے گزشتہ روز سماعت میں اشتعال انگیز تقریر کرنے والے بی جے پی لیڈروں کے خلاف ایف آئی آر درج نہ کئے جانے پر مرکزی حکومت اور پولیس کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کی رہنما پریانکا گاندھی نے جسٹس مرلی دھر کے تبادلے کو افسوس ناک اور شرم ناک قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

دہلی ہائی کورٹ کے جج جسٹس ایس مرلی دھر نے گزشتہ روز دلی فسادات پر 3 سماعتیں کی تھیں جس میں انہوں نے فسادات روکنے میں ناکامی پر دلی پولیس پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔بھارتی صدر کے حکم پر رات گئے جسٹس ایس مرلی دھر کا ٹرانسفر پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ میں کردیا گیا ہے۔پریانکا گاندھی نے جج مرلی دھر کی منتقلی پر سخت ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ موجودہ تنازعہ کے پیش نظر جسٹس مرلی کی آدھی رات کو منتقلی حیرت کی بات نہیں لیکن یہ افسوسناک اور شرمناک ہے۔