سرپرائز ڈے پاکستانیوں کے لئے یوم تشکرہے،وائس چانسلر پروفیسر نیازا حمد

جمعرات 27 فروری 2020 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2020ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد اختر کی زیر قیادت سرپرائز ڈے کی مناسبت سے پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ریلی کا انعقاد کیا گیاجس میںشرکاء نے بھارت پرایک بار پھر برتری ثابت کرنے پرپاک فوج کے حق میں بھرپور جوش و خروش سے نعرے لگائے ۔اس موقع پرممبر صوبائی اسمبلی مسرت جمشید چیمہ ، پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر،رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان، مختلف فیکلٹیوں کے ڈینز، شعبہ جات کے سربراہان،اساتذہ، ملازمین اور طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ریلی میں شریک افراد نے بھارتی طیارے کو گرانے والے پاکستان ائیر فورس کے شاہین حسن صدیقی کی تصاویر والے بینرز اور پوسٹرز اٹھارکھے تھے جبکہ ایک بینر پر ’"India's Blunder, replied by JF Thunder"درج تھا۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر نیا زاحمد نے کہا کہ 27فروری( سرپرائز ڈی) کا دن پاکستانیوں کیلئے یوم تشکر کا دن ہے جس میں پاک فوج کی جانب سے بھارت اور بین الاقوامی کمیونٹی کو پیغام دیا گیا۔

وائس چانسلر نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی پائلٹ کوسرنڈر کرنے کے بعد بین الاقوامی قوانین کے مطابق بہترین علاج معالجے ، کھانے اور چائے کی پیشکش کی جو ثابت کرتا ہے کہ ہم ذمہ دار قوم ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ ہمارے لئے سرپرائز نہیں تھا کیونکہ ہم پاک فوج کی صلاحیتوں پرپہلے سے ہی پورا یقین رکھتے ہیںاورجانتے ہیں کہ ہمارے جوان دشمن کو تاریخی سبق سکھا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مودی کا رویہ بادشاہوں جیسا ہے جو کسی بھی قانون کی پیروی نہیں کر رہا۔ انہوں نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی کے باعث بھارت میں آگ لگی ہوئی ہے اور تمام اقلیتیں غیر محفوظ ہیںجس کا اقوام متحدہ کوسنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے پلواما واقعہ کی مشترکہ تفتیش کی پیشکش پر بھارت نے صاف انکار کر دیاتھا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کو وطن کا دفاع یقینی بنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ ایم پی اے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مودی کے اقدامات نے قائد اعظم محمد علی جناح کو ایک بار پھر سچا ثابت کر دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد کشمیر بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرے گا اوربھارت میں ایک نئی اسلامی ریاست قائم ہوگی۔

پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے کہا کہ پاک فوج نے بھارتی فوج کی درگت بنا کر غلط فہمی کو دور کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اپنے شہری یوں سمیت کسی کو بھی آزادی سے جینے کا حق نہیں دے رہی۔ قبل ازیں مسرت جمشید چیمہ اور ڈاکٹر نیاز احمدنے سرپرائز ڈے کا ایک سال مکمل ہونے پر کیک کاٹا۔دریں اثناء پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار سائوتھ ایشین سٹڈیز کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار میں بریگیڈیئر(ر) عمران ملک نے لیکچر دیتے ہوئے بالاکوٹ سمیت دیگر واقعات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ ان واقعات نے بھارتی ائیر فورس کی غیر پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے آشکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بحری فوج نے اپنے پانیوں میں دشمنوں کو داخل نہیں ہونے دیا۔ ڈائریکٹر سنٹر پروفیسر ڈاکٹر عنبرین جاوید نے خطہ میں طاقت کا توازن قائم رکھنے پر پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا۔