سندھ کے تعلیمی اداروں کیلئے دی گئی تعطیلات میں مزید اضافہ کر دیا گیا

صوبے کے تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے اب 2 مارچ بروز پیر تک بند رہیں گے، تعطیلات میں مزید اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے

muhammad ali محمد علی جمعرات 27 فروری 2020 20:28

سندھ کے تعلیمی اداروں کیلئے دی گئی تعطیلات میں مزید اضافہ کر دیا گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 فروری2020ء) سندھ کے تعلیمی اداروں کیلئے دی گئی تعطیلات میں مزید اضافہ کر دیا گیا، صوبے کے تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے اب 2 مارچ بروز پیر تک بند رہیں گے، تعطیلات میں مزید اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ کرونا وائرس کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے کے تعلیمی اداروں کو 2 روز کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

صوبے کے تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے 27 اور 28 فروری کو بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم اب ان تعطیلات میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔ صوبائی محکمہ تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ صوبے کے تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے اب 2 مارچ بروز پیر تک بند رہیں گے۔ جبکہ کرونا وائرس خدشات کے باعث کراچی کے تمام تعلیمی ہاسٹلز کو بھی فوری خالی کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

صوبے کو کرونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے ہنگامی اقدامات کیے جانے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ پاکستان میں کرونا وائرس کیسز سامنے آنے کے بعد سے لوگ خوفزدہ ہیں، اسی لیے بلوچستان اور سندھ حکومتوں نے تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بلوچستان کی حکومت نے کروانا وائرس کے خدشات کے باعث صوبے کے تعلیمی ادارے مزید 2 ہفتے کیلئے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ صوبے کے تعلیمی اداروں میں جاری موسم سرما کی تعطیلات کو 29 فروری تک ختم ہو جانا تھا، تاہم اب تعطیلات میں مزید 2 ہفتے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ صوبے کے تعلیمی ادارے اب یکم مارچ کی بجائے 15 مارچ کو کھلیں گے۔