پی ایس ایل5، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کامیابی کے لیے188رنز کا ہدف دیدیا

کولن انگرام اور شاداب خان کی عمدہ بلے بازی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 27 فروری 2020 20:43

پی ایس ایل5، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کامیابی کے ..
راولپنڈی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27فروری2020ء ) پاکستان سپر لیگ کے دوسرے مرحلے کے دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کامیابی کے لیے 188رنز کا ہدف دیا ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلی دو گیندوں پر لیوک رونکی نے چوکا اور چھکا لگا کر خطرناک عزائم ظاہر کیے لیکن اگلے اوور میں نسیم شاہ نے ان کی وکٹیں بکھیر دیں۔

ڈیوڈ ملان نے 10رنز ہی بنائے تھے کہ نسیم شاہ نے ان کو بھی باؤلڈ کر کے پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔کولن منرو ایک مرتبہ پھر خطرناک فارم میں نظر آئے لیکن محمد حسنین کو چھکا مارنے کے بعد دوبارہ اسی کوشش میں وہ باؤنڈری پر کیچ ہو گئے، انہوں نے 3چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے۔تین وکٹیں گرنے کے بعد کولن انگرام اور کپتان شاداب خان ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا اور کوئٹہ کو بڑا ہدف دینے کے لیے اہم کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

دونوں کھلاڑیوں نے 76 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی جس کے بعد شاداب خان 39 رنز بنا کر 132 کے مجموعے پر کیچ آؤٹ ہوگئے،کولن انگرام نے اپنی جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باوجود مقررہ اوورز میں ٹیم کا مجموعہ 187 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 63 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی،اسلام آباد نے یہ مجموعہ 7 وکٹوں کے نقصان پر بنایا اور اس کے دیگر آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں آصف علی، عماد بٹ اور فہیم اشرف شامل تھے جنہوں نے بالترتیب 15، 6 اور 4 رنز بنائے۔

کوئٹہ کی جانب سے نسیم شاہ اور ٹائمل ملز نے 2، 2 جبکہ محمد حسنین اور بین کٹنگ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔۔ اس سے قبل راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے مرحلے کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس کا سکہ اپنے حق میں پلٹتے دیکھ کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔سرفراز احمد نے کہا کہ وکٹ پر تھوڑا گھاس ہے اور ہمارے پاس اچھے باؤلرز بھی ہیں لہٰذا ہم ان سے فائدہ اٹھانے کی پوری کوشش کریںگے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ یہ ایک تازہ وکٹ ہے جس پر زیادہ سے زیادہ رنز کرنے کی کوشش کریں گے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے انور علی کی جگہ بین کٹنگ کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی ایک تبدیلی کرتے ہوئے رومان رئیس کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔