کویت میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ گئی

اس موذی مرض میں مبتلا افراد 43ہو گئی، تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 28 فروری 2020 11:04

کویت میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ گئی
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28فروری 2020ء) کویت میں کرونا وائرس پر قابو نہ پایا جا سکا۔ اس وقت کویت میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 43 ہو گئی ہے اور یہ تمام متاثرہ افراد ایران سے آئے ہیں۔کویتی آرمی نے عسکری اداروں ، کالجوں اور اسکولوں میں یکم مارچ سے دوہفتے کے لیے تدریسی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ العربیہ نیٹ نیوز کے مطابق یہ فیصلہ مہلک وائرس کرونا پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

کویت کی وزارت صحت کے ترجمان عبداللہ السند نے جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملک میں اس مرض کے پھیلاوٴ پر روک لگانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مختلف پروگراموں کو فعال کر دیا گیا ہے اور "ہم عالمی ادارہ صحت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں"۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق وزارت نے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ہدایت کردہ طبی قید کا اصول لاگو کر دیا ہے۔

پریس کانفرنس میں وزارت صحت کی ایک خاتون افسر نے بتایا کہ کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے شبے میں مجموعی طور پر 1675 افراد کا معائنہ اور ٹیسٹ کیا گیا۔ ان میں 43 افراد کے اس وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ تمام متاثرہ افراد کو علاج کے خصوصی مراکز میں الگ تھلگ رکھا گیا ہے۔خلیجی ممالک میں کرونا وائرس کا حملہ تیز تر ہوتا جا رہا ہے۔ کویت میں بھی چند روز کے اندر ہی کرونا وائرس کے کئی مریض سامنے آئے ہیں۔

کویتی وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ متاثرہ مریض ایران سے کویت آئے تھے ۔ کرونا وائرس کے باعث ہی کویت نے پیر کے روز عراق آنے جانے والی تمام فضائی پروازیں روک دیں۔جبکہ مملکت بھرنیشنل ڈے کی تمام تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ کھیلوں کی تمام سرگرمیاں بھی اگلے دو ہفتوں کے لیے منسوخ کر دی گئیں۔ کرونا وائرس کے پھیلاوٴ کو روکنے کی خاطر وزیر صحت کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

کویتی سول ایوی ایشن کے مطابق عراق کے علاوہ جنوبی کوریا، تھائی لینڈ اور اطالیہ کے لیے بھی فی الوقت تمام پروازیں روک دی گئی ہیں۔ کویتی فٹ بال فیڈریشن بھی کرونا وائرس کے سبب دو ہفتوں کے لیے کھیلوں کی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔ اس بات کا اعلان فیڈریشن نے ٹویٹر پر اپنے سرکاری اکاوٴنٹ کے ذریعے کیا۔کویتی کابینہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مملکت کو کرونا سے پاک رکھنے کے لیے ہر ممکن قدم اُٹھایا جائے گا اور کسی بھی جانب سے غفلت نہیں برتی جائے گی۔