تجارتی معاہدے میں پیش رفت نہ ہونے پر جون تک مذاکرات سے الگ ہوسکتے ہیں، برطانیہ کا انتباہ

جمعہ 28 فروری 2020 11:10

لندن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2020ء) برطانیہ نے یورپی یونین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بریگزٹ کے بعد تجارتی معاہدے میں پیش رفت نہ ہوئی اور 9 ماہ میں جامع آزاد تجارتی معاہدہ نہ ہوا تو یورپی یونین کے ساتھ تجارتی مذاکرات سے الگ ہونے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔ اس بات کا اعلان برطانوی رکن پارلیمنٹ و کابینہ کے وزیر مائیکل گوو نے گذشتہ روز پارلیمنٹ کے اجلاس میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ یورپی یونین کے ساتھ 9 ماہ میں جامع آزاد تجارتی معاہدہ چاہتے ہیں، اگر جون تک پیش رفت نہ ہوئی تو حکومت کو تجارتی مذاکرات سے الگ ہونے کا فیصلہ کرنا پڑے گا اور وہ 2020 ء کے آخر تک کسی معاہدے کے بغیر صرف مقامی اقدامات پر توجہ مرکوز کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت یورپی یونین کی کسی مطالبے کو قبول نہیں کرے گی اور نہ ہی ہم اپنی خودمختاری پر تجارت کریں گے۔ برطانیہ اور امریکہ کے مابین تجارتی مذاکرات 2 مارچ سے شروع ہوں گے۔