سعودی شہزادہ طلال بن سعود کو ریاض میں سپرد خاک کر دیا گیا

مرحوم سعودی شہزادہ طلال بن سعود کی نماز جنازہ میں سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد بھی شریک ہوئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 28 فروری 2020 11:40

سعودی شہزادہ طلال بن سعود کو ریاض میں سپرد خاک کر دیا گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28فروری 2020ء) سعودی شہزادہ طلال بن سعود بن عبدالعزیز جو 26فروری کو انتقال کر گئے تھے، اُن کی نماز جنازہ گزشتہ روز نماز عصر کے بعد ریاض کی تُرکی بن عبداللہ مسجد میں ادا کر دی گئی۔ مرحوم شہزادے کی نماز جنازہ میں سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان بھی شریک ہوئے۔ جس کے بعد شہزادہ طلال بن سعود کی تدفین ریاض کے شاہی قبرستان العود میں کی گئی۔

نماز جنازہ میں شہزادہ عبداللہ بن عبدالعزیز، شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز، گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور مفتی اعلیٰ شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ پیش پیش تھے۔اس کے علاوہ شہزادہ طلال کے بھائی مشعل، منصور، نایف، سلمان، سطام، مشاری، یزید، سیف الاسلام، جلوی، مصعب، نہار، یوسف، عبدالکریم اور حسام بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ بھی زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔ شہزادہ طلال بن سعود، سابق فرمانروا شاہ سعود کے اکیسویں بیٹے تھے۔وہ 1952 میں سعودی دارالحکومت ریاض میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے 25 برس تک انتظامی امور کی ذمہ داریاں بھی انجام دیں۔ شہزادہ طلال باسکٹ بال کی سعودی آرگنائزیشن اور باسکٹ بال کی خلیجی آرگنائزیشن کے چیئرمین بھی رہے۔

انہوں نے اپنے لواحقین میں پانچ بیٹے اور بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ شہزادہ طلال بن سعود بن عبدالعزیز کے انتقال کے بعد متحدہ عرب امارات کے کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم، ابوظہبی کے شیخ خلیفہ بن زید النہیان اور دیگر نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے نام پیغام میں تعزیت کی اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔