بھارت متنازع شہریت قانون کے خلاف مسلمان مظاہرین پر تشدد روکنے کیلئے گاندھی کے نظریے پر عمل کرے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان کا بیان

جمعہ 28 فروری 2020 11:55

اقوام متحدہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2020ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ نئی دہلی میں متنازع شہریت قانون کے خلاف مسلمان مظاہرین پر تشدد کو روکنے کے لیے گاندھی کے نظریے پر عمل درآمد کرے تاکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دیا جاسکے۔ یہ بات اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اس وقت نئی دہلی کے حالات اور حقیقی معاشرتی مفاہمت کے لیے گاندھی کے نظرے کو حقیقی معنوں میں لاگو کرنے کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل گزشتہ چند روز سے نئی دہلی میں ہونے والے تشدد کے واقعات پر بہت افسردہ ہیں۔انہوں نے زوردیا کہ بھارت تشدد اور پابندیوں سے گریز کرے۔ اعدادوشمار کے مطابق نئی دہلی میں متنازع شہریت قانون کے خلاف مظاہروں کے دوران 38 افراد مارے گئے۔ ہندو بلوائیوں اور مظاہرین نے دہلی میں مساجد، گھروں اور مسلمانوں کے کاروباری مراکز پر حملے کیے اور انہیں نقصان پہنچایا۔