دُبئی میں اٹالین سائیکل ریس کے دو کھلاڑی کرونا وائرس کا شکار نکلے

کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر بین الاقوامی سائیکل ریس منسوخ کر دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 28 فروری 2020 14:19

دُبئی میں اٹالین سائیکل ریس کے دو کھلاڑی کرونا وائرس کا شکار نکلے
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28فروری 2020ء) متحدہ عرب امارات میں بھی کرونا وائرس کے مریض سامنے آئے تھے، تاہم موثر علاج کی بناء پر زیادہ تر مریض صحت یاب ہو چکے ہیں اور کچھ کا علاج جاری ہے۔ مگر کرونا وائرس کی دہشت لوگوں کے ذہنوں پر بُری طرح سوار ہے۔ جہاں بھی دیکھا جائے لوگ ماسک اوڑھے دکھائی دے رہے ہیں۔ ابو ظہبی میں اٹالین سائیکل سواروں کی ریس میں شرکت کے لیے آئے دو اطالوی کھلاڑی بھی کرونا وائرس کا شکار نکلے، جس کے بعد سائیکل ریس منسوخ کر دی گئی ہے۔

جبکہ تمام تر اطالوی کھلاڑیوں اور ان کے ساتھ موجود سٹاف کو ہوٹلز کے کمروں تک ہی محدود کر دیا گیا ہے۔ ابو ظہبی سپورٹس کونسل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ریس کی منسوخی کا فیصلہ ریس کے شرکاء کی صحت اور زندگی کی سلامتی کی خاطر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کیونکہ سب سے اولین ترجیح انسانی زندگی کی سلامتی ہے۔ منسوخ کیے گئے ایونٹ کی انتظامیہ کے مطابق ریس میں شرکت کے لیے آئے تمام کھلاڑیوں، آرگنائزرز اور سٹاف کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ لیے جا رہے ہیں۔

اور انہیں دوہفتوں کے لیے الگ تھلگ مقام پر رکھا جائے گا۔اس ریس میں شرکت کے لیے 24 اٹالین سائیکلسٹ متحدہ عرب امارات آئے تھے۔ یورپی ممالک میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں اٹلی سرفہرست ہیں، جہاں پر اس موذی مرض سے 17 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ جبکہ 650 سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔اماراتی وزارت صحت کے مطابق چند روز قبل بھی مزید دو افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جن میں سے ایک کا تعلق فلپائن سے ہے جبکہ دوسرے کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے۔

بنگلہ دیشی مریض کی عمر 39 سالہ بتائی جا رہی ہے جبکہ فلپائنی کی عمر 34 سال ہے۔ایسے تمام لوگوں کا ریکارڈ لے کر ان کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں جو اس موذی مرض سے متاثر ہونے والے افراد سے رابطے میں رہے ہیں تاکہ مملکت میں کرونا وائر س کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی صفائی سُتھرائی کا خاص خیال رکھیں۔ جن میں ہاتھوں کو صابن اور صاف پانی سے دھونا، کھانستے اور چھینکتے وقت اپنے منہ کو ڈھانپ کر رکھنا ہے تاکہ خطرناک وائرس اور جراثیموں کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔

واضح رہے کہ امارات میں کرونا وائرس کے اب تک گیارہ مریض سامنے آ چکے ہیں۔ جس کی وجہ سے اماراتی عوام بہت تشویش میں مبتلا ہیں۔ تاہم اچھی بات یہ ہے کہ تمام مریض آہستہ آہستہ صحت یاب ہو رہے ہیں۔