افغانستان میں قیام امن کیلئے آ ج دنیا پاکستان کے کردار کی تعریف کر رہی ہے،امید ہے کل امن معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے، شاہ محمود قریشی

معاہدہ انٹرا افغان مذاکرات کے لیے راہ ہموار کر یگا،اللہ کرے افغانستان میں امن و استحکام آ ئے،جب ہماری حکومت وجود میں آئی تو بھارت کی کوشش تھی پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کیا جائے،بھارت کو اس پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، وزیر خارجہ

جمعہ 28 فروری 2020 16:17

افغانستان میں قیام امن کیلئے آ ج دنیا پاکستان کے کردار کی تعریف کر ..
دو حہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2020ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے آ ج دنیا پاکستان کے کردار کی تعریف کر رہی ہے،امید ہے (آج) ہفتہ کو امریکہ اور طالبان کے درمیان امن معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے، معاہدہ انٹرا افغان مذاکرات کے لیے راہ ہموار کر یگا،اللہ کرے افغانستان میں امن و استحکام آ ئے،جب ہماری حکومت وجود میں آئی تو بھارت کی کوشش تھی پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کیا جائے،بھارت کو اس پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

جمعہ کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان مفاہمتی عمل اور بھارت کی صورت حال پر اپنے بیان میں کہاکہ افغانستان میں قیام امن کے لیے آ ج دنیا پاکستان کے کردار کی تعریف کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ امید ہے (آج) ہفتہ کو امریکہ اور طالبان کے درمیان امن معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سمیت 50 ملکوں کے نمائندے اس تقریب میں شریک ہوں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان کو دعوت دی گئی کہ وہ اس سارے عمل کا حصہ بنے اور شرکت کرے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان کے لیے یہ بہت بڑا اعزاز ہے اور پاکستان کی کوششوں کا اعتراف ہے۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ یہاں اس وقت اس معاہدے کی تقریب کی کوریج کے پوری دنیا کا میڈیا موجود ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہاں اس وقت دو موضوع زیر بحث ہیں،ایک امن معاہدہ اور دوسرا دلی کی تشویشناک صورتحال پر بات ہو رہی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ دلی میں نسل کشی کی جو صورت حال دنیا کو ابھرتی دکھائی دے رہی ہے وہ بھی زیر بحث ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ دنیا کا تمام میڈیا اس پر بات کر رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ فارن ریلیشنز کمیٹی کے جو اہم ممبران ہیں وہ اس پر اپنی تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ دنیا کے دانشور، اداکار اور گلوکار اس پر بات کر رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کا تشخص ابھر رہا ہے اور بھارت کا نیچے جا رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ جب ہماری حکومت وجود میں آئی تو بھارت کی کوشش تھی کہ پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کیا جائے۔انہوںنے کہاکہ بھارت کو اس پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا،آ ج پاکستان کا عالمی سطح پر کردار مرکزی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بھارت نے ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کو بلیک لسٹ کروانے کی سر توڑ کوشش کی۔

انہوںنے کہاکہ اس پر بھی بھارت کو ناکامی ہوئی۔ انہوںنے کہاکہ لوگ سوال کر رہے ہیں کہ کیا یہ بھارت کا سیکیولر چہرہ ہے،ایک جج جو انصاف کی طرف بڑھتا ہے اسکا آپ دلی سے ہریانہ تبادلہ کر دیتے ہے،صدر ٹرمپ کے دورے کے وقت خیال تھا کہ تجارتی معاہدہ ہو گا۔ انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدے پر اتفاق نہ ہو سکا،صدر ٹرمپ کی موجودگی میں دلی کے کچھ علاقوں میں کرفیو کا سماں تھا فوج گشت کر رہی تھی۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پولیس کا سہارا لے کر آ ر ایس ایس کے غنڈوے املاک جلا رہے تھے۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ وہ مسلمانوں کو نشانہ بنا رہے تھے اور مساجد پر اپنے جھنڈے لگارہے تھے ،دنیا یہ سب کچھ ہوتا دیکھ رہی تھی۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بھارت نے پوری کوشش کی کہ افغان امن معاہدے میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔ انہوںنے کہاکہ اس کے باوجود اگر یہ معاہدہ ہو جاتا ہے تو یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہوگی۔

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ (آج)29فروری کا دن افغانستان اور افغان عوام کے لیے بڑ ا دن ہے،انشاء اللہ افغانستان امن اور مفاہمت کی جانب بڑھ رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ معاہدہ انٹرا افغان مذاکرات کے لیے راہ ہموار کر یگا،اللہ کرے افغانستان میں امن و استحکام آ ئے۔