سعودی عرب: قدرت نے بے اولاد خاتون پراولادکی نعمت کی بارش کر دی

سعودی خاتون نے بیک وقت چار بچوں کو جنم دے دیا،نومولود میں ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 28 فروری 2020 16:42

سعودی عرب: قدرت نے بے اولاد خاتون پراولادکی نعمت کی بارش کر دی
طائف (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28فروری 2020ء) سعودی عرب میں ایک جوڑا کئی سالوں سے اولاد کی نعمت سے محروم تھا۔ مگر جب خدا کا کرم ہوا تو ایسا ہوا کہ سعودی خاتون ایک ہی دن میں چار بچوں کی ماں بن گئی۔ طائف کے علاقے میں اللہ کی قدرت کا یہ واقعہ پیش آیا ہے جہاں سعودی خاتون نے پانچ سال تک بے اولاد رہنے کے بعد بیک وقت چار بچوں کو جنم دیا ہے جن میں ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں ۔

اُردو نیوز کے مطابق خاتون کی شادی کو 5 برس ہوگئے تھے مگر وہ اولاد سے محروم تھیں۔ جوڑے نے اولاد کے لیے متعدد ڈاکٹروں سے علاج کرایا جس کے بعد ان کے ہاں بیک وقت چار بچوں کی پیدائش ہوئی۔ ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ زچہ اور تمام بچے مکمل طور پر صحت مند ہیں۔ طائف کے شاہ فیصل میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ نومولود بچوں کو ابتدائی طور پر انکیوبیٹر میں رکھا گیا تھا جو معمول کے مطابق ہے تاہم تمام بچوں کی صحت بہتر ہے۔

(جاری ہے)

ہسپتال کے عملے کی جانب سے جوڑے کو بیک وقت چار بچوں کے والدین بن جانے پر مبارک باد بھی پیش کی گئی۔بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے ابھی اپنے بچوں کے لیے نام تجویز نہیں کیے۔ خاندان والوں سے مشورہ کرنے کے بعد نام رکھے جائیں گے۔واضح رہے کہ 20 فروری 2020ء کو سعودی عرب کے مشرقی ریجن دمام میں ایک خاتون کے یہاں چار بچوں کی ولادت ہوئی ہے۔

دمام کے میٹرنٹی ہسپتال میں 28 سالہ سعودی حاملہ خاتون کو لایا گیا جس کے یہاں دوسری بار ولادت متوقع تھی۔ ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالوہاب الجباری نے بتایا کہ خاتون کے یہاں چار بچوں کی ولادت ہوئی ہے جن میں ایک لڑکی اور تین لڑکے شامل ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق تمام بچے اور ماں صحت مند ہیں۔۔ بچوں کا وزن 1600سے 2000 گرام تک ہے۔بچوں کا نظام تنفس بحال کرنے کے لیے انہیں کچھ دیر ہسپتال کے انکیوبیٹر میں رکھا گیاجس کے بعد انہیں عام وارڈ میں منتقل کردیا گیا تمام نومولود بچوں کی حالت تسلی بخش ہے۔ اس خوشی کے موقع پرسعودی شہری نے ہسپتال میں مٹھائی تقسیم کی۔