وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دوحہ کی مرکزی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کی

جمعہ 28 فروری 2020 18:16

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دوحہ کی مرکزی جامع مسجد میں نماز جمعہ ..
دوحہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2020ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قطر کے دورہ کے دوران نماز جمعہ دوحہ کی مرکزی جامع مسجد میں ادا کی۔نماز کی ادائیگی کے بعد بھارت اور مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے بھارتی و کشمیری مسلمانوں نے بھارت میں مسلم کش فسادات پر آواز اٹھانے، اقوام متحدہ اور مختلف بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر بھرپور انداز میں اٹھانے پر وزیراعظم اور وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر بھارتی و کشمیری شہریوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہ ہم نے دلی میں ہندو انتہا پسند وں کی جانب سے کی جانے والی مساجد کی شہادت اور بی حرمتی کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں سب سے بڑی اقلیت مسلمانوں سمیت اقلیتوں کو ہندو انتہا پسند نشانہ بنا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارت میں مسلمانوں سمیت کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں۔

کشمیری مسلمان پہلے ہی بھارتی ریاستی بربریت کا شکار تھے اور اب بھارت میں رہنے والے مسلمان بھی اپنے گھروں میں محفوظ نہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پولیس کا آ ر ایس ایس کے غنڈوں کے خلاف کارروائی نہ کرنا ریاستی رٹ پر سوالیہ نشان ہے۔ بھارت میں بین المذاہب ہم آ ہنگی نام کی کوئی چیز نہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں مسلمان آ ج خود کو تنہا محسوس کر رہے ہیں۔