مئی سے پہلے پہلے پاکستان ریلوے میں انقلاب لایا جا رہا ہے،

نئے مالی سال کے بجٹ تک اپنا خسارہ ختم اور روز گار کے ایک لاکھ نئے مواقع پیدا کرکے ریلوے کو مثالی ادارہ بنایا جائے گا،5کروڑ روپے کی لاگت سے ایک سال میں کنویئر بیلٹ کی تکمیل سے ریلوے کو روزا نہ 95لاکھ اور ماہانہ ایک ارب روپے تک کا اضافی ریونیو حاصل ہو گا،طاقتور لوگوں کو مزید طاقتور اور بڑ وں کو مزید بڑا کرنے کی بجائے غریب و متوسط طبقہ کی حالت سنوارنے کیلئے کوشاں ہیں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا فیصل آباد ڈرائی پورٹ پر کنوئیر بیلٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت

جمعہ 28 فروری 2020 18:20

مئی سے پہلے پہلے پاکستان ریلوے میں انقلاب لایا جا رہا ہے،
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2020ء) :وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ10مئی سے پہلے پہلے پاکستان ریلوے میں انقلاب لایا جا رہا ہے اور منظم طریقے سے ریلوے کی کارکردگی بڑھاتے اور اس کی آمدنی میں اضافہ یقینی بناتے ہوئے نہ صرف نئے مالی سال کے بجٹ تک اپنا خسارہ ختم بلکہ روز گار کے ایک لاکھ نئے مواقع پیدا کرکے ریلوے کو مثالی ادارہ بنایا جائے گا جبکہ 5کروڑ روپے کی لاگت سے ایک سال میں مکمل ہونے والی فیصل آباد ڈرائی پورٹ کی کنویئر بیلٹ کی تکمیل سے ریلوے کو روزا نہ 95لاکھ اور ماہانہ ایک ارب روپے تک کا اضافی ریونیو حاصل ہو گا نیز حکومت عمران خان کی قیادت میں طاقتور لوگوں کو مزید طاقتور اور بڑ وں کو مزید بڑا کرنے کی بجائے غریب و متوسط طبقہ کی حالت سنوارنے کیلئے کوشاں ہیں اور عمران خان کو مہنگائی اور غریب افراد کی مشکلات کا علم ہے لیکن جن حالات میں اقتدار ملا اگر عوام پر بوجھ نہ ڈالتے تو ملک دیوالیہ ہو جاتا، وہ نواز شریف کو پاکستان واپس آتا نہیں دیکھ رہے تاہم شہباز شریف واپس آسکتے ہیں، عمران خان کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی انہوں نے کہا کہ عوام کو یوٹیلیٹی سٹورز سمیت دیگر ذرائع سے بھر پور ریلیف دینے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کی دوپہر فیصل آباد ڈرائی پورٹ پر کنوئیر بیلٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں فرخ حبیب انتہائی محنتی اور باصلاحیت نوجوان ہیں جن کی کوششوں سے نہ صرف فیصل آباد ڈرائی پورٹ پر کنویئر بیلٹ کا منصوبہ مکمل کیا گیا ہے بلکہ 5دیگر بڑے شہروں میں بھی جلد کنویئر بیلٹس کے منصوبہ کا آغاز کیا جائے گا جس سے ریلوے کی آمدنی بھی بڑھے گی۔

انہوںنے فرخ حبیب کو فیصل آباد کا شیخ رشید قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح شیخ رشید ریلوے کی بحالی کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہے اسی طرح میاں فرخ حبیب بھی ان کا بھر پور ساتھ دے رہے ہیں نیز چیئر مین ریلوے اور چیف ایگزیکٹو پاکستان ریلوے بھی انتہائی باصلاحیت ، محنتی ، تجربہ کار اور فرض شناس آفیسر ہیں جن کی معاونت سے ریلوے کو خسارے سے نکال کر منافع کی جانب رواں دواں کر دیا جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ جہاں پرانی ٹرینوں اور خستہ روٹس کی حالت بہتر بنائی جا رہی ہے وہیں نئی ٹرینیں بھی چلانے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے جس کی وجہ سے جلد پاکستان ریلوے اپنی معیاری خدمات کی وجہ سے منافع حاصل کرنے لگے گی۔شیخ رشید نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں صرف مسافر بردار ٹرینیں یا صرف مال بردار گاڑیاںہی ریونیو جنریٹ نہیں کرتیں بلکہ مال گاڑیوں او ر مسافر بردار ٹرینوں کی کارکردگی و خدمات میں بہتری لا کر ہی ادارے کو منافع بخش بنایا جا سکتا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ چیئر مین ڈرائی پورٹ کی خدمات بھی قابل تحسین ہیں جن کی کوششوں سے کنویئر بیلٹ کا منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچا ہے جس سے صنعتی ، کاروباری، تاجربرادری کو سامان کی نقل و حمل میں مزید آسانی ہو گی۔انہوںنے کہا کہ وہ شیخ مختار فیملی کو 1985ء سے جانتے ہیں کیونکہ اس وقت بھی ان کی فیملی پارلیمنٹ میں ان کے ہمراہ تھی۔انہوںنے کہا کہ وہ بیروزگار نوجواں کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کاوعدہ تو نہیں کرتے لیکن وہ یقین دلاتے ہیں کہ جلد مالی حالت بہتر ہونے پر ریلوے میں ایک لاکھ نوجوانوں کو نوکریاں دی جائیں گی۔

انہوںنے کہا کہ حکومت کو مہنگائی کا شدت سے احساس ہے اسلئے حکومت اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے جبکہ عمران خان نے بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کے نرخ نہ بڑھانے کا اعلان کیا ہے جس کے ساتھ ساتھ یوٹیلیٹی سٹورز پر سبسڈی کے تحت شہریوں کو سستے داموںاشیائے خوردو نوش فراہم کی جارہی ہیں نیز وہ یقین دلاتے ہیں کہ آٹے کے نرخ نہیں بڑھائے جائیں گے تاہم چینی کے نرخوں میں معمولی اضافے کا وہ کچھ کہہ نہیں سکتے کیونکہ گنے کی پیداوار کم اور چینی کی پیداواری لاگت زیادہ ہونے سے اس کے نرخ کچھ بڑھ سکتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ سابقہ ادوار میں حکمرانوں نے بہت لوٹ مار کی اور بہت زیادہ قرضے لئے ، عمران خان کو یہ بھی احساس ہے کہ صنعتیں پہلے کی طرح چل رہی ہیں اور چلتی رہیں گی لیکن مہنگائی سے غریب اور متوسط طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اسلئے اس کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر صلاح مشورے جاری ہیں۔کرونا کے حوالے سے انہوںنے کہاکہ حکومت کی جانب سے اس ضمن میں تمام اقدامات مکمل ہیں لہٰذا عوام کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ۔انہوںنے کہاکہ حکومت ماسک یا حفاظتی اقدامات کے حوالے سے دیگر متعلقہ اشیاء کے نرخ نہیں بڑھنے دے گی ۔