ہم نے گھر جلا کے سیاست کی ہے، سرکار کے خرچے پر سیاست نہیں کی،احسن اقبال

جمعہ 28 فروری 2020 20:11

ہم نے گھر جلا کے سیاست کی ہے، سرکار کے خرچے پر سیاست نہیں کی،احسن اقبال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے گھر جلا کے سیاست کی ہے، سرکار کے خرچے پر سیاست نہیں کی۔ جمعہ کو احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومت اور نیب کی بدنیتی دیکھیں کہ گوجرانوالہ سے ایسی انکوائری منتقل کی گئی جس میں ملزم ہوں نہ ہی مطلوب ہوں، اس کیس میں زبردستی ڈالنے کی کوشش کی گئی۔

(جاری ہے)

سابق وزیر داخلہ نے اسے حکومت کی جانب سے اپوزیشن کو ہراساں کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرے بھائی کو جو پبلک آفس ہولڈر ہے نہ سرکاری ملازم اسے بھی نیب ہراساں کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میٹرو پنڈی منصوبے میں میرا بھائی کنٹرکٹر بھی نہیں، سب کنٹرکٹر ہے لیکن اس کے باوجود اس کو بلا کے ہراساں کیا جا رہا ہے جس کا مقصد دباؤ ڈالنا ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ میرا نیب کو چیلنج ہے جب میں 1993 میں سیاست میں آیا تھا اس وقت کے میرے اثاثے جو تھے اس سے 1 روپیہ بھی زیادہ نہیں ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے گھر جلا کے سیاست کی ہے، سرکار کے خرچے پر سیاست نہیں کی۔