سابق وزیراعظم نوازشریف کا احسن اقبال سے ٹیلی فونک رابطہ

ضمانت ملنے پر مبارکباد اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال ، کسی دبائو کے بغیر حق و سچ کیساتھ ڈٹے رہیں، نواز شریف کی ہدایت

جمعہ 28 فروری 2020 20:30

سابق وزیراعظم نوازشریف کا احسن اقبال سے ٹیلی فونک رابطہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 فروری2020ء) مسلم لیگ ن کے تاحیات قید اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے حال ہی میں جیل سے رہا ہونے والے سابق وزیرداخلہ احسن اقبال سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔سابق وزیراعظم نے احسن اقبال کو ضمانت ملنے پر مبارکباد دی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف نے کہا ممیں سچ کا ساتھ دینے کیلئے ڈٹے رہنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔

(جاری ہے)

ن لیگ کے تاحیات قائد نواز شریف نے اپنے بیانیہ سے بھی احسن اقبال کو آگاہ کیا اور ہدایت کی کہ کسی کے دبائو آئے بغیر حق و سچ کیساتھ ڈٹے رہیں۔ احسن اقبال نے حوصلہ بڑھانے پر نواز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے۔ خیال رہے کہ احسن اقبال حال ہی میں نیب کی حراست سے ضمانت پر رہا ہوئے ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اسپورٹس سٹی تعمیر کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔قومی احتساب بیورو کا مؤقف ہے کہ اسپورٹس سٹی کی تعمیر میں پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے خلاف قانون تین ارب روپے کا منصوبہ نارووال میں شروع کیا۔نیب احسن اقبال کو 23 دسمبر2019 کو گرفتار کیا تھا اور بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان کی ضمانت منظور کی تھی۔