ملتان سلطانز نے اسپنرز کا جال بچھا کر ہوم گراوٴنڈ پر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی

کراچی کنگز کو 52 رنز سے شکست، عمران طاہر اور شاہد آفریدی کے مجموعی طور پر 5 شکار

جمعہ 28 فروری 2020 20:08

ملتان سلطانز نے اسپنرز کا جال بچھا کر ہوم گراوٴنڈ پر مسلسل دوسری کامیابی ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 فروری2020ء) ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 52 رنز سے شکست دے کر ہوم گراوٴنڈ پر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی ہے۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کی ٹیم 187 رنز کے تعاقب میں 134 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
میزبان ٹیم کے دواسپنرزعمران طاہر اور شاہد آفریدی نے عمدہ باوٴلنگ کرتے ہوئیکراچی کنگز کی آدھی ٹیم کو پویلین کی راہ دکھائی۔


تفصیلات کے مطابق مہمان ٹیم کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ 31 رنز پر پہلی وکٹ گنوانے کے بعد ملتان سلطانز کے اوپنر معین علی اور کپتان شان مسعود نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 71 رنز کی شراکت نے ملتان سلطانز کواسکور بورڈ پر بڑا ہدف سجانے میں مدد دی۔

(جاری ہے)


معین علی 65 اور شان مسعود 61 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے مجموعی طور پرمیچ میں11 چوکے اور 5 چھکے جڑے۔
ان کے علاوہ ملتان سلطانز کا کوئی کھلاڑی بھی لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔ میزبان ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 186رنزبنائے۔
کراچی کنگز کے محمد عامر اور کرس جارڈن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ دباوٴ کا شکار نظر آئی اور کوئی بھی بلے باز لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔

ملتان سلطانز کے اسپنرز عمران طاہر اور شاہد آفریدی کی گھومتی گیندوں نیمہمان ٹیم کے بلے بازوں کو شدید مشکلات کا شکار کیا۔
کراچی کنگز کے ابتدائی 6 کھلاڑی محض 87 کے مجموعی اسکور پر آوٴٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے، جس کے بعد عمید آصف اور چیڈوک والٹن نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی مگر وہ بھی مہمان ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نہ نکال سکے۔


کراچی کنگز کی جانب سے ایلکس ہیلز 29 رنز بناکر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ عمید آصف 20 اور چیڈوک والٹن15 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے۔
کراچی کنگز کی پوری ٹیم17 اوورز میں 134 رنز بناکر آوٴٹ ہوگئی۔
عمران طاہر نے 28 رنز کے عوض 3 اور شاہد آفریدی نے 18 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ سہیل تنویر نے بھی 2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔
میچ میں شاندار بلے بازی کرنے پر معین علی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
انیس فروری کو ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں 2میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں ملتان سلطانز اور دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی ٹیمیں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کی ٹیمیں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں مدمقابل آئیں گی۔