راولپنڈی میں بارش تھم گئی، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کا میچ چند اوورز تک محدود کر دیا گیا

ٹاس ساڑھے 9 بجے جبکہ میچ کا آغاز 10 بجے ہوگا، فی اننگ 12 اوورز پر مشتمل ہوگی، گراونڈ کو خشک کرنے کا کام مکمل کر لیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 28 فروری 2020 21:32

راولپنڈی میں بارش تھم گئی، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کا میچ چند اوورز ..
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28فروری2020ء) راولپنڈی میں بارش تھم گئی، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کا میچ چند اوورز تک محدود کر دیا گیا، ٹاس ساڑھے 9 بجے جبکہ میچ کا آغاز 10 بجے ہوگا، فی اننگ 12 اوورز پر مشتمل ہوگی، گراونڈ کو خشک کرنے کا کام مکمل کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں مسلسل بارش کے باعث لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان ہونے والا میچ متاثر ہوا ہے۔

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) 2020ء کے سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم راولپنڈی میں گزشتہ رات سے ہونے والی موسلا دھار بارش نے شائقین کرکٹ کو پریشان کردیا ۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور2017ء کی پی ایس ایل چیمپئن پشاور زلمی کے درمیان میچ کھیلا جانا ہے جسے اب چند اوورز تک محدود کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

میچ کو فی اننگ 12 اوورز تک محدود کیا گیا ہے۔

بارش کے باعث پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے گراؤنڈ میں پانی کھڑا ہوگیا تھا جسے نکالنے میں وقت لگا۔ بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی میں بارش رک چکی ہے اور گراونڈ میں وکٹ پر سے کورز ہٹا دیے گئے ہیں۔ میچ کا آغاز 10 بجے ہوگا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ اور ہفتہ کو راولپنڈی میں ہونے والے میچز بارش سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔ پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ میدان اور پچ کی کنڈیشن دیکھ کر میچز کے انعقاد یا منسوخی کا فیصلہ کیا جائے گا، شائقین کرکٹ کے جوش و جذبہ کا اندازہ ہے لہذا میچز کے انعقاد کی ہر ممکن کوشش ہے۔