نریندر مودی دور حاضر کا ہٹلر ہے، جے شری رام کا نعرہ لگانے والے فسادی رامائن کا مطالعہ کریں، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی

مقامی و عالمی میڈیا پر نشر کردہ ویڈیو کلپس دل دہلا دینے والے ہیں ،وہ بھارتی مسلمانوں کی بے بسی پر دکھی ہیں، عالمی برادری نوٹس لے، پاکستان ہندو کونسل کے اعلی سطحی اجلاس سے اظہار خیال

ہفتہ 29 فروری 2020 13:50

نریندر مودی دور حاضر کا ہٹلر ہے، جے شری رام کا نعرہ لگانے والے فسادی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 فروری2020ء) پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلی اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے بھارتی مسلمان اقلیتوں کے خلاف انسانیت سوز مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے نریندر مودی کو دور حاضر کا ہٹلر قرار دے دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ہندو کونسل کے اعلی سطحی اجلاس کے دوران ڈاکٹر رمیش کمار نے جے شری رام کا مذہبی نعرہ لگا کر فساد کرنے کو رامائن کی اصل تعلیمات کو مطالعہ کرنے کی بھی تلقین کی۔

پاکستان ہندو کونسل کے اجلاس میں سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار ، صدر گوپال خامانی ، سیکریٹری جنرل پرشوتم رامانی، جوائینٹ سیکریٹری پمن لال راٹھی، فنانس سیکریٹری بھارت کمار منگلانی، ایڈوائزر راجا اسرمل منگلانی سمیت دیگر ممبران شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکاء نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پاکستانی ہندو کمیونٹی کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر بھارت کے مختلف علاقوں بالخصوص دہلی میں ریاستی سرپرستی میں جاری مسلم کش فسادات پر سخت غم و غصّے کا اظہار کیا گیا اور سوشل میڈیا پر وائرل مختلف ویڈیو کلپس پر بھی تبصرہ کیا گیا، ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ مقامی اور عالمی میڈیا پر نشر کردہ ویڈیو کلپس دل دہلا دینے والے ہیں اور وہ بھارتی مسلمانوں کی بے بسی پر بہت دکھی ہیں، انہوں نے عالمی برادری سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں سرکاری سرپرستی میں انسانیت کا قتل عام کیا جارہا ہے۔

ڈاکٹر رمیش کمار کا کہنا تھا کہ ہٹلر کے نقش قدم پر مودی سرکار نے اپنی نہتی اقلیتی آبادی پر ظلم کے پہاڑ توڑے دیے ہیں، اس حوالے سے انسانیت کا درد رکھنے والے ہر شخص کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان ہندو کونسل کے اجلاس میں بلوائیوں کی جانب سے جے شری رام کا نعرہ لگانے کی بھی مذمت کی گئی، ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ دنیا کا ہر مذہب انسانیت کا درس دیتا ہے اور دوسرے مذاہب کا احترام یقینی بنانے کی تلقین کرتا ہے، انہوں نے بھارت میں جے شری رام کا نعرہ لگانے والے بلوائیوں کو چیلنج کیا کہ وہ رامائن کا مطالعہ کریں اور بتایا جائے کہ ہندو دھرم میں کہاں لکھا ہے کہ معصوم انسانوں کے خلاف ایسا ہولناک ظلم کیا جائے، انہوں نے کہا کہ اقلیت ہر ملک میں موجود ہے، اس حوالے سے کچھ اختلافات کا ہونا فطری عمل ہے لیکن یہ ریاست کا فرض ہے کہ ملک میں بسنے والی اقلیتوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے، افسوس کا مقام ہے کہ نریندر مودی نے ماضی میں بطور وزیر اعلیٰ گجرات میں مسلمان اقلیتوں کا خون بہایا اور اب وزیر اعظم بننے کے بعد دہلی سمیت پورے بھارت کو خون سے لہو لہان کردیا ہے، ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے کہا کہ آج بھارتی مظلوم مسلمانوں کی حمایت نہ کرنے والے بھی ظالم ہیں، انہوں نے مودی سرکار کو خبردار کیا کہ شدت پسندوں نے بھارت کی سلامتی داؤ پر لگا دی ہے جسکی ذمہ داری بھارتی سرکار اور ریاستی اداروں پر عائد ہوتی ہے۔

پاکستان ہندو کونسل کے اجلاس میں ایک بار پھر واضح الفاظ میں بھارتی شہریت ترمیمی بل کو مسترد کرتے ہوئے اس توقع کا بھی اظہار کیا گیا کہ بھارتی سپریم کورٹ حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے ضرور اس متنازع بل کو منسوخ کرکے بھارتی سیکولر آئین کو اصل شکل میں بحال کرے گی بصورت دیگر بھارت مزید بٹواروں کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہیذ۔۔ اس سلسلے میں ڈاکٹر رمیش کمار نے مزید کہا کہ پاک سر زمین پر بسنے والا ہر ہندو پاکستان کو اپنی دھرتی ماتا سمجھتا ہے، کوئی محب وطن ہندو پاکستان کی شہریت چھوڑنے کا تصور نہیں کرسکتا، انہوں نے سندھ چھوڑ کر بھارت ہجرت کرنے والے ہندوؤں سے اپیل کی کہ وہ مودی سرکار کے جارحانہ عزائم کو سمجھیں، پیار و محبت کی دھرتی سندھ انہیں واپسی کیلئے پکار رہی ہے۔

پاکستان ہندو کونسل نے اپنے اجلاس میں ان تمام بھارتی ہندوؤں کیلئے بھی تعریفی کلمات ادا کئے جنہوں نے انسانیت کی خاطر اپنے مسلمان پڑوسیوں کو شدت پسند بلوائیوں کے شر سے محفوظ رکھنے میں اپنا کردار ادا کیا۔