معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے،اپوزیشن کو آگے بڑھتا ،ترقی کرتا ہوا پاکستان ہضم نہیں ہو رہا ، مسرت جمشید چیمہ

ہفتہ 29 فروری 2020 14:31

معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے،اپوزیشن کو آگے بڑھتا ،ترقی کرتا ہوا پاکستان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 فروری2020ء) پنجاب حکومت کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کی وجہ سے دنیا میں پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کیا جارہا ہے ،حکومتی اقدامات کے باعث معاشی استحکام ،مالی و تجارتی خساروں میں کمی اور سرمایہ کاری کیلئے اعتماد بحال کرنے میں مدد ملی ہے،وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں انقلابی منصوبے شروع ہونے سے صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے پارٹی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے دنیا بھر میں خود کو ویژن رکھنے والے لیڈر کے طو رپر تسلیم کرایا ہے ، وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو اصلاحات کے ذریعے فرسودہ نظام سے چھٹکارا دلانا چاہتے ہیں لیکن جن طبقات کے اس نظام سے مفادات وابستہ ہیں وہ اس کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں اور مزاحمت بھی کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حالات اس نہج پر پہنچ گئے تھے کہ حکومت کو ’’اب نہیں کبھی نہیں ‘‘کے فارمولے پر عمل پیرا ہونا پڑا اور ہم نے اپنے سیاسی مفادات کو پس پشت ڈالتے ہوئے معیشت کی سانسیں بحال کرنے کیلئے کڑوی گولی نگلی جس کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو آگے بڑھتا اور ترقی کرتا ہوا پاکستان ہضم نہیں ہو رہا اور منفی پراپیگنڈا کیا جارہا ہے لیکن پاکستان کی قسمت کو کھوٹا کرنے کی تدبیریں کرنے والوں کو سوائے ناکامی کے کچھ حاصل نہیں ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار ماضی کے نام نہاد خادم اعلیٰ کی طرح خود نمائی کی بجائے عوام کی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ،صوبے میں ذاتی انا اور تسکین کی بجائے عوام کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کیلئے انقلابی منصوبے شروع کئے جارہے ہیں۔