پی ایس ایل5،رائلی روسوو نے پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری سکور کرڈالی

ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کامیابی کے لیے 200رنز کا ہدف دیدیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 29 فروری 2020 15:49

پی ایس ایل5،رائلی روسوو نے پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری سکور کرڈالی
ملتان(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29فروری2020ء ) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کامیابی کے لیے200 رنز کا ہدف دیا ہے۔ملتان سلطانز نے تاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنرز جیمز ونس اور ذیشان اشرف نے ٹیم کو 23رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد ذیشان 8رنز بنا کر نسیم شاہ کی وکٹ بن گئے۔ونس اور کپتان شان مسعود نے اسکور کو 40تک پہنچایا ہی تھا کہ انگلش بلے باز کی 6چوکوں سے مزین 29رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

گزشتہ میچ کے مین آف دی میچ معین علی اس مرتبہ ناکامی سے دوچار ہوئے اور بین کٹنگ کو چوکا مارنے کے بعد اگلی گیند پر وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے، رلی روسو میدان میں اترے تو ملتان سلطانز کی ٹیم کو تیزی سے رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا تھا لیکن رلی روسو نے میدان میں آتے ہی بازی پلٹ دی۔

(جاری ہے)

نامور جنوبی افریقی بلے باز نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 43 گیندوں پر سنچری سکور کر کے پاکستان سپر لیگ کی تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

انہوں نے 44 گیندوں پر ناقابل شکست 100 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے اور 10چوکے شامل ہیں۔اس سے قبل پاکستان سپر لیگ میں تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ کیمرون ڈیلپورٹ کے پاس تھا جنہوں نے 49گیندوں پر تھری فیگر اننگز کھیلی تھی۔رلی روسو پاکستان سپر لیگ میں سنچری بنانے والے تیسرے غیرملکی بلے باز ہیں جہاں ان سے قبل کیمرون ڈیلپورٹ اور کولن انگرام بھی پی ایس ایل میں تین ہندسوں کی اننگز کھیل چکے ہیں،رلی روسو کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔

اس سےقبل ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ایونٹ کے 12ویں میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔شان مسعود نے کہا کہ بیٹنگ وکٹ بہت اچھی لگ رہی ہے اور ہم گزشتہ روز اچھی بیٹنگ کے تسلسل کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ وکٹ ابھی تک بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے لیکن ہم ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ ہی کرتے۔

دونوں ٹیموں نے میچ کے لیے فائنل الیون میں دو، دو تبدیلیاں کی ہیں جہاں سلطانز نے روی بوپارہ کی جگہ جیمز ونس کو دوبارہ ٹیم میں شامل کیا ہے جبکہ شاہد آفریدی کی جگہ بلاول بھٹی بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔گلیڈی ایٹرز نے ٹائمل ملز کی جگہ انور علی اور احمد شہزاد کی جگہ احسان علی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل ہیں۔واضح رہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں ٹاپ پوزیشنز پر موجود ہیں ۔