وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے وزارت چھوڑنے کا اعلان کردیا

کراچی سے پشاور تک ریلوے کراسنگ ختم کرکے وزارت چھوڑ دوں گا ۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی ہفتہ 29 فروری 2020 16:01

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے وزارت چھوڑنے کا اعلان کردیا
لاہور (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 29 فروری 2020ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے وزارت چھوڑنے کا اعلان کرد یا ۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 10 مئی کو ایم ایل ون کے حوالے سے قوم کو خوشخبری دیں گے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ایم ایل ون پشاور سے کراچی تک سارے ریلوے کراسنگ ختم کر دے گا جس کے بعد وزارت چھوڑ دوں گا، 30جون سے پہلے مزید پانچ فریٹ ٹرینیں چلا دیںگے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ شیخ رشید نے کہا کہ اس وقت پشاور سے کراچی کے درمیان تقریباً3ہزار ان مینڈکراسنگ ہیں ،میری تمام صوبائی حکومتوں سے درخواست ہے کہ وہ پھاٹک بنانے کیلئے مطلوبہ رقم فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ 9مارچ سے دو ماہ کیلئے اے سی بزنس اور اے سٹینڈرڈ کے کرائے میں 10فیصد رعایت دے رہے ہیں اور بیک وقت دو طرفہ ٹکٹ کی بکنگ کرانے پر یہ رعایت 25فیصد ہو گی ۔

(جاری ہے)

 
10مئی کو ایم ایل ون کا فیصلہ ہونے جارہا ہے اور اس پر دستخط ہوں گے ، اس سے تمام ٹریک کے اطراف میں فینسنگ ہو جائے گی اور کراسنگ ختم ہو جائے گی ۔ اطراف کی آبادیوں کیلئے اوور ہیڈ برج اور انڈر پاسز بنیں گے جبکہ ٹرین کی رفتار 160کلو میٹر فی گھنٹہ ہو جائے گی ۔ ایم ایل ون منصوبے کے بعد وزارت چھوڑ دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں ڈرائی پورٹ کے بعد چشتیاں، وزیر آباد، کندیاںاور جیا بگا میں افتتاح کرنے جارہے ہیں ، تیس جون سے پہلے 5ٹرینیں چل جائیں گی اور ہمیں اس سے خاطر خواہ آمدن ہو گی ۔ اس وقت بھی ہم اپنے ہدف سے زائد آمدن حاصل کر چکے ہیں اور ہم پانچ سالوں میں ریلوے کا خسارہ ختم کر کے اسے منافع میں تبدیل کر دیں گے ۔