خواجہ سعدرفیق گلے میں شدید درد ہونے پر ہسپتال منتقل

سعد رفیق کی سانس کی نالی میں پِھنسی گلٹی کی شکل اختیار کرگئی، ڈاکٹرز نے سرجری کی تجویزدی ہے۔ ن لیگی رہنماء خواجہ سعد رفیق کے اہلخانہ کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 29 فروری 2020 16:29

خواجہ سعدرفیق گلے میں شدید درد ہونے پر ہسپتال منتقل
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 فروری 2020ء) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء خواجہ سعدرفیق کو گلے میں شدید درد ہونے پر ہسپتال منتقل کردیا گیا، سعد رفیق کی سانس کی نالی میں پِھنسی ہے جو گلٹی بن چکی ہے، ڈاکٹرز نے سرجری تجویز کردی ہے۔ سینئر ن لیگی رہنماء خواجہ سعد رفیق کے اہلخانہ کے مطابق خواجہ سعدرفیق کے گلے میں گلٹی بننے کے باعث شدید تکلیف ہوئی، جس کے باعث خواجہ سعد رفیق کو سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

جہاں پر خواجہ سعد رفیق کا طبی معائنہ کیا گیا۔ ڈاکٹرز نے خواجہ سعدرفیق کے گلے کی پہلے مرحلے میں سرجری کروانے کی تجویز دی ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سعد رفیق کی سانس کی نالی میں ایک پِھنسی بنی ہے جو اب گلٹی کی شکل اختیار کرچکی ہے۔ خواجہ سعدرفیق کے گلے کی سرجری کے بعد گلٹی کی تشخیص کی جائےگی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ سعدرفیق کے گلے کی سرجری کے لئے ای این ٹی ڈاکٹرز پرمشتمل بورڈ تشکیل دیا جائےگا۔

دوسری جانب سپریم کورٹ نے پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلیمان رفیق کی جانب سے دائر ضمانت درخواست پر سماعت 10 مارچ تک ملتوی کر دی ہے۔ پیر کو جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں عدالت عظمٰی کے تین رکنی بینچ نے ضمانت کی درخواست کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالتی استفسار پر ملزمان کے وکیل نے بتایا کہ کیس ٹرائل کورٹ میں چل رہا ہے، 122 میں سے 5 گواہوں کے بیان قلمبند ہو چکے ہیں۔

عدالت نے درخواست پر سماعت دس مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے نیب سے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی ہے۔ واضح رہے ن لیگی رہنماؤں اور سعد رفیق کے حلقے کے کارکنان کا کہنا ہے کہ سعد رفیق کیخلاف سیاسی کیسز بنائے گئے ہیں، سعد رفیق نے ایک پائی کی کرپشن بھی نہیں، نہ ہی کرپشن ثابت ہوئی ہے۔