طالبان کی افغان امن معاہدے میں پاکستان کے کردار کی تعریف

افغانیوں کو مبارکباد ، پاکستان کے کردار کو قدر کی نگا ہ سے دیکھتے ہیں ۔ ترجمان افغان طالبان

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی ہفتہ 29 فروری 2020 16:52

طالبان کی افغان امن معاہدے میں پاکستان کے کردار کی تعریف
دوحہ (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 29 فروری 2020ء ) ترجمان افغان طالبان نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کی تعریف کردی ۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان افغان طالبان سہیل شاہین نے کہا کہ افغانیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، افغان امن معاہدے میں پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن معاہدے سے افغانستان پر غیر ملکی قبضہ ختم ہو جائے گا۔

امریکہ اور افغان طالبان میں امن معاہدہ آج قطر میں ہونے جا رہا ہے۔ اسی حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہردین کے درمیان آج دوحہ میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں افغان امن عمل اور دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان تاجکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بہت جلد وسط ایشیائی ریاستوں کا دورہ کروں گا۔پاکستان وسط ایشیا ئی ریاستوں کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانے کا خواہشمند ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میرے دورے میں افغان امن معاہدے کے بعد کی صورتحال پر بھی گفتگو ہو گی ۔پاکستان صرف ملک کی ہی نہیں بلکہ خطے کی ترقی پر یقین رکھتا ہے۔وسط ایشیا ئی ریاستوں کے ساتھ گہرے تجارتی روابط پاکستان کی ترقی کے لیے اہم ہیں۔

یہ بات بھی قابل غور رہے ماہر افغان امور رحیم اللہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ طالبان کے ساتھ افغان امن معاہدہ ختم بھی کر سکتے ہیں۔امریکا اور طالبان افغانستان میں امن کے قیام کے لیے تاریخی معاہدے پر آج دستخط ہوں گے جس کے نتیجے میں دہائیوں سے جاری جنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔ اسی حوالے سے ماہر امور رحیم اللہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کو ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی خطرہ ہے۔ٹرمپ امریکین حالات کے مطابق معاہدہ ختم بھی کر سکتے ہیں۔،ان سے کوئی بھی توقع کی جا سکتی ہے۔