20ء معاشی ترقی کا سال ہے ۔ زین قریشی

ہفتہ 29 فروری 2020 20:55

ملتان ۔29 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 فروری2020ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ 2020ء معاشی ترقی کا سال ہے ۔ ملکی معیشت مضبوط ‘ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ‘ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔ ہماری حکومت کی پالیسیوں کے ثمرات عوام تک جلد پہنچیں گے۔ ماضی میں عوام کو پسماندہ رکھا گیا۔

ملکی خزانہ لوٹاگیا اور ملک کو مقروض کیا گیا۔حکمرانوں نے بیرون ملک جائیدادیں بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157 میں سڑکوں کی تعمیر اور بجلی کی فراہمی کے منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک ‘ ممبر صوبائی اسمبلی ملک واصف مظہر راں ودیگر شخصیات اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت خلوص نیت سے عوام کی ترقی کیلئے کام کررہی ہے ۔ حکومت کی خواہش ہے عوام کی زندگی میں آسانیاں پیدا کی جائیں اور بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ این اے 157 میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھائیں گے۔ حلقے میں بجلی سوئی گیس ‘سیوریج ‘ صحت ودیگر ترقیاتی کاموں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

اوراین ای157 کو ماڈل حلقہ بنایا جائے گا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر ملک نے کہا ماضی میں توانائی کے شعبے کو نظر انداز کیا گیا۔ جس کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے۔ موجودہ حکومت نے پنجاب کے تعلیمی اداروں ہسپتالو ںاور دیگر سرکاری دفاتر کو سولر پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس پر بتدریج کام جاری ہے۔ ہماری حکومت توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے بھر پور اقدامات کررہی ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔

انہوں نے عوام کی ترقی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ ماضی میں کے وسائل پر ڈاکہ ڈالا گیا اور قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا اب ایسا نہیں ہوگا۔عوامی وسائل اور ترقیاتی فنڈز عوامی ترقی پر خرچ ہونگے۔ اس موقع پر حاجی خان بیگ ‘ چودھری شعیب سنگھیڑا‘ صہیب راشد خان ‘ مشتاق کوریا ‘ میجر(ر)اشرف ‘ تسنیم حیدر ‘ حاجی امیر اللہ بھٹی ‘ جعفر بھٹی ودیگر شخصیات اس موقع پر موجود تھے۔بعد ازاں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مخدومزادہ زین حسین قریشی نے ڈاکٹر اختر ملک اور ملک واصف مظہر راں کے ہمراہ تعمیر پختہ سڑک ٹرپئی کینال لنک وایا چک نمبر9ٹی جنوبی اوریونین کونسل خان پور مڑل میں افتتاح کیا۔