ریلوے حادثات؛ منظور وسان نے شیخ رشید کو منحوس قرار دے دیا

عمران خان پر سرمایہ لگانے والوں میں سے 80 فیصد ان کا ساتھ چھوڑ چکے، منظور وسان

اتوار 1 مارچ 2020 18:35

رانی پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2020ء) پیپلز پارٹی کے رہنما اور اپنے خوابوں سے سیاسی پیش گوئیاں کرنے والے منظور وسان نے وزیر ریلوے شیخ رشید کو منحوس قرار دیدیا۔رانی پور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ جب سے شیخ رشید کو ریلوے کی وزارت ملی ہے تب سے ریلوے میں حادثات نہیں رکے۔

(جاری ہے)

ریلوے کو سدھارنے کے بجائے شیخ رشید ادھر ادھر کی باتیں کرتے ہیں اور سارا ملبہ مخالفین پر ڈالتے ہیں، ہم جیل اور سختیوں کی پیداوار ہیں، میرے خلاف 1990 میں اس وقت کلاشنکوف کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جب جام صادق وزیر اعلی سندھ تھے۔

شیخ رشید کو ہر نیوز کانفرنس میں اپنے خلاف ایک مقدمے کا ذکر نہیں بھولتا۔منظور وسان نے کہا کہ عمران خان پر سرمایہ لگانے والوں میں سے 80 فیصد ان کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں جبکہ دیگر 20 فیصد سرمایہ کار اور ٹھیکیدار بھی اس سال چھوڑ جائیں گے۔ عمران خان کی حکومت اس سال نہیں رہے گی، انہیں گھر بھیج دیا جائے گا۔