ٹریفک نظام کی درستگی کیلئے لاہور چیمبر اور محکمہ ٹریفک پولیس مل کر کام کریں گے

جمعرات 5 مارچ 2020 16:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2020ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سٹی ٹریفک پولیس شہر میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے ، کاروباری برادری کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کا حصول آسان بنانے اور دیگر مسائل حل کرنے کیلئے مل کر کام کریں گے۔ یہ فیصلہ فیصلہ چیف ٹریفک آفیسر لاہور کیپٹن (ر) سید حماد عابد اور صدر لاہور چیمبر آف کامرس عرفان اقبال شیخ کے مابین لاہور چیمبر میں ہونے والی ایک ملاقات میں کیا گیا، لاہور چیمبر آف کامرس کے نائب صدر میاں زاہد جاوید، سابق صدر میاں شفقت علی ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبر شہریار علی اور سابق ایگزیکٹو کمیٹی ممبر خامس سعید بٹ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس شہر میں ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے،انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کے ساتھ مضبوط روابط کے ذریعے عوام کو درپیش ٹریفک کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

صدر لاہور چیمبر کے مطالبے پر چیف ٹریفک آفیسر نے شہر کے تمام ڈرائیونگ لائسنسنگ سینٹرز میں لاہور چیمبر کے ممبران کے لئے خصوصی انتظامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے ٹریفک انجینئرنگ اور پارکنگ پلازوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس مقصد کیلئے ٹریفک پولیس ڈپارٹمنٹ نے شہر کی مارکیٹوں کا ایک سروے بھی کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای چالان سکیم پر بھی کام جاری ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی حوصلہ شکنی کیلئے پینلٹی اور پوائنٹ سسٹم بھی جلد متعارف کرایا جائے گا۔

انہوں نے صدر لاہور چیمبر کو آگاہ کیا کہ ٹریفک پولیس ٹیم نے تین لاکھ کے قریب سکولوں کا دورہ کیا ہے اور وہاں ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی دی۔ کیپٹن (ر) سید حماد عابد نے صدر لاہور چیمبر کی جانب سے شہر کی چند مخصوص شاہراہوں کو ون وے کرنے ، ای ٹکٹنگ کا نظام لانے اور ڈرائیونگ سکول قائم کرنے کی تجاویز کا خیر مقدم کیا۔ صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی سے نہ صرف کاروباری لاگت میں کمی لاتی ہے بلکہ نقل و حمل میں وقت کی بچت بھی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس اور بزنس کمیونٹی کے درمیان رابطہ بے حد ضروری ہے، لاہور چیمبر ملک کا واحد چیمبر ہے جہاں ممبران کیلئے ون ونڈو آپریشن متعارف کرایا گیا ہے اور یہاں ٹریفک پولیس، نادرا، ایف بی آر، سمیڈا، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ، لیسکو ، آئی پی او، پیسی اور ایکسپورٹ سہولیاتی سینٹر سمیت کئی سہولیاتی مراکز لاہور چیمبر کے ممبران کو بہترین خدمات فراہم کر رہے ہیں ۔

عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ کہ شہر میں مارکیٹو ں کے قریب پارکنگ پلازوں کا قیام ٹریفک کے مسائل سے نمٹنے کیلئے واحد حل ہے اور لاہور چیمبر نے اس سلسلے میں سولہ جگہوں کی نشاندہی بھی کر رکھی ہے ۔ تاہم پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت یہ پارکنگ پلازے تعمیر کئے جا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے مسائل اور حادثات سے نمٹنے کیلئے چند مخصوص شاہراہوں کو ون وے کیا جائے۔

اس سلسلے میں لاہور چیمبر ٹریفک پولیس کے محکمہ کو جلد سفارشات بھجوئے گا۔صدر لاہور چیمبر نے چیف ٹریفک آفیسر کو آگاہ کیا کہ لاہور چیمبر اپنی سماجی ذمہ داریوں سے بخوبی واقف ہے اور لبارڈ اور شالامار ہسپتال اس کی مثال ہیں اور جلد ہی ہیپاٹائٹس اور ذیابیطس کی تشخیص کے لیے بلامعاوضہ بلڈ سکریننگ کیمپ بھی قائم کئے جائیں گے۔