Live Updates

کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیراہتمام خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے اسلام آباد میں سیمینار

ہفتہ 7 مارچ 2020 19:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2020ء) ملک کی مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والی خواتین رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی عصمت دری اور انہیں ہراساں کئے جانے کے اقدام کو بھارتی فوج کی جانب سے ہتھیار کے طور پر استعمال کر نے کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیں، دنیا ہندوستان پر کشمیر کے مسئلہ کے حل کیلئے دبائو بڑھائے، پانچ ہزار کشمیری خواتین کو بیوہ بنا دیا گیا ہے اس کی تحقیقات کی ضرورت ہے۔

ہفتہ کو کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیراہتمام خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے اسلام آباد میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس سے تحریک انصاف کی سینیٹر سیمی ایزدی، پیپلز پارٹی کی سینیٹر سحر کامران، سابق ڈپٹی سپیکر آزاد کشمیر قانون اسمبلی شاہین کوثر ڈار ، مسلم کانفرنس شعبہ خواتین کی سربراہ افشاں سعید ایڈووکیٹ، پی ٹی آئی گلگت بلتستان کی رہنما آمنہ انصاری، تقدیس گیلانی اور عظمیٰ حمید گل نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین آزادی سے زیادہ پاکستان کی سالمیت کی جنگ لڑ رہی ہیں، ان کیلئے مارچ کئے جانے کی ضرورت ہے جبکہ وہاں پر بھارتی مسلح افواج عصمت دری اور جنسی ہراسیت کو بطور ہتھیار استعمال کر رہی ہیں جو عالمی دنیا کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔

(جاری ہے)

انصاف کے عالمی ادارے اس کا نوٹس لیں۔ خواتین کے حقوق پامال کئے جانے پر دنیا ہندوستان پر دبائو بڑھائے اور اجتماعی قبروں اور پانچ ہزار خواتین کو بیوہ بنانے کی تحقیقات کرائی جائیں۔ اس موقع پر عبدالحمید لون، راجہ نجابت حسین، سید منظور احمد اور محمد شفیع ڈار بھی موجود تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات