سندھ میں کورونا وائرس کا ایک اور مریض سامنے آگیا

جس مریض کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، اس کا تعلق کراچی سے ہے، وزیراعلیٰ سندھ کی مریض کے قریبی افراد کے ٹیسٹ کرنے کی ہدایت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 8 مارچ 2020 19:49

سندھ میں کورونا وائرس کا ایک اور مریض سامنے آگیا
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مارچ 2020ء) سندھ میں کورونا وائرس کا ایک اور مریض سامنے آگیا، جس مریض کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، اس کا تعلق کراچی سے ہے، وزیراعلیٰ نے مریض کے گھر والوں کے ٹیسٹ کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کورونا وائرس ٹاسک فورس کا اجلا س ہوا، اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ آج 4 مشتبہ افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں ایک مثبت آیا ہے۔

محکمہ صحت سندھ نے اب تک 107 افراد کے نمونے ٹیسٹ کیے جن میں 4 مثبت آئے، ان میں ایک شخص صحت یاب ہوکر گھر چلا گیا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کا ایک اور مریض سامنے آگیا ہے۔ جس مریض کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، اس کا تعلق کراچی سے ہے۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کورونا کے مریض کے گھروالوں اور میل جول رکھنے والوں کے ٹیسٹ کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔

(جاری ہے)

نیا کیس سامنے آنے کے بعد سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔ جبکہ ملک بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا ریسکیو 1122 سروس نے کورونا وائرس سے متعلق ضابطہ کار کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ضابطہ کار میں اہلکاروں کے حفاظتی سامان کے استعمال، کسی بھی مشتبہ یا متاثرہ مریض کو ہسپتال منتقل کرنے کے دوران سہولیات فراہم کرنے کے طریقے، ہسپتال منتقلی کے بعد ایمبولینسز اور آلات کی صفائی کا طریقہ اور متاثرہ مریض کے ریکارڈ کو ترتیب دینے سے متعلق ہدایات دی گئی ہیں۔

ایس او پیز صوبہ بھر میں ریسکیو1122 سروس کے لئے قابل عمل ہوگا۔ اسی طرح گزشتہ برس دسمبر کے وسط میں چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والے کورونا وائرس کے عالمی مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی اور 3400 ہلاک ہوگئے، وائرس کے خوف نے دنیا کی معیشت کو شدید دھچکا پہنچایا ہے جس کا تخمینہ 300 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق اس وقت اموات کے لحاظ سے چین سرِ فہرست ہے جہاں اب تک 3042 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور باقی 267 اموات چین سے باہر دوسرے ممالک میں ہوئی ہیں جن میں اٹلی اور ایران سرِفہرست ہیں۔ ایران کورونا وائرس سے تیزی سے متاثر ہورہا ہے۔ وہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 747 ہوگئی۔ دوسری جانب ایران کی وزارتِ صحت نے 124 اموات کی تصدیق کی ہے۔