یہی حکومت رہی تو کٹے ضرور کھلیں گے، مولانا فضل الرحمان

تمام مسائل کی بنیادی وجہ ریلو کٹے کی حکومت ہے، امانت علی اور سلامت علی پر ضرور بات ہوگی لیکن خیانت علی پر کوئی بات نہیں ہوگی۔ سربراہ جے یوآئی(ف) مولانا فضل الرحمان کا سربراہ ق لیگ چودھری شجاعت کے مشورے کاجواب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 8 مارچ 2020 23:24

یہی حکومت رہی تو کٹے ضرور کھلیں گے، مولانا فضل الرحمان
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مارچ 2020ء) جمیعت علماء اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے چودھری شجاعت کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت یہی رہی تو کٹے ضرور کھلیں گے، خیانت علی پر کوئی بات نہیں ہوگی، مسائل کی بنیادی وجہ ریلو کٹے کی حکومت ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کے مشورے پر اپنے جواب میں کہا کہ ملک وقوم کے بنیادی مسائل کی وجہ ریلو کٹے کی حکومت ہے، اگر یہ حکومت رہی تو ایک نہیں کئی کٹے کھلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چودھری صاحب آپ سے امانت علی اور سلامت علی پر ضرور بات ہوگی لیکن خیانت علی پر کوئی بات نہیں ہوگی۔ واضح رہے مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت اور سربراہ جمعیت علماء اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے ، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملک کی موجودہ معاشی و سیاسی صورتحال پربات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے مولانا فضل الرحمان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت نئے مسائل کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ملک کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے آپ کی رہنمائی کی ضرورت ہے۔ ملکی معیشت کی بہتری اور عوامی مسائل حل کرنے کیلئے مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس وقت ملک میں نئے کٹے نہیں کھولنے چاہئیں۔ چودھری شجاعت نے فضل الرحمان سے مزید کہا کہ آپ اپنی اکثر تقریروں میں امانت علی اور سلامت علی کا ذکر کرتے ہیں، اسلام آباد آؤں گا تو اس پر تفصیل سے بات کریں گے، قوم نے ہمیں بھی ایک امانت دے رکھی ہے۔

  واضح رہے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ روز ملتان میں جامعہ قاسم العلوم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ( ق) لیگ کو سامنے دکھایا گیا، جبکہ بات کسی اور کی مانی گئی، وعدے کی پاسداری نہ کی گئی تو نام سامنے لائیں گے۔ کسی سے ڈرنے والے نہیں۔ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ اس حکومت کو خاموشی سے برداشت نہیں کیا جائے گا۔