شہزاد احمد بن عبدالعزیز السعود کی گرفتاری، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی بادشاہ بننے کی خواہش سامنے آگئی

محمد بن سلمان نے بادشاہ بننے کا راستہ صاف کرنے کیلئے اپنے چچا شہزاد احمد بن عبد العزیز کو گرفتار کروایا، خلیجی خبر رساں ادارے کی رپورٹ

Ahmad Tariq احمد طارق اتوار 8 مارچ 2020 23:44

شہزاد احمد بن عبدالعزیز السعود کی گرفتاری، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد ..
ریاض (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مارچ 2020ء) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نومبر جی 20 سمٹ سے قبل بادشاہ بننے کا ارادہ رکھتے ہیں، محمد بن سلمان نے اپنے چچا اور دوسروں کے خلاف ریاض میں ہونے والی جی 20 سمٹ سے قبل بادشاہ بننے کا راستہ صاف کرنے کیلئے محاذ کھولا۔ خلیجی خبر رساں ادارے مڈل ایسٹ آئی کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بادشاہ بننے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے چیف شاہی حریف اپنے چچا شہزاد احمد بن عبد العزیز کے خلاف نیا محاذ کھول لیا ہے کیونکہ وہ نومبر میں ریاض میں جی 20 سربراہی اجلاس سے قبل بادشاہ بننے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بادشاہ بننے کیلئے بن سلمان اپنے والد شاہ سلمان کے مرنے کا انتظار نہیں کریں گے کیونکہ ان کے والد کی موجودگی بیٹے کو قانونی حیثیت دیتی ہے اور وہ نومبر میں ہونے والے اجلاس کو تخت نشینی کے مرحلے کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

مڈل ایسٹ آئی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ بہت جلد محمد بن سلمان اپنے بڑے کزن شہزادہ محمد بن نیف کو ولی عہد شہزادے کے عہدے سے بے دخل کردیں گے۔ جمعہ کے روز سعودی فرمانروا کے طاقتور بھائی شہزاد احمد بن عبدالعزیز السعود کی گرفتاری سے قبل بادشاہ کے چھوٹے بھائی کو محمد بن سلمان کی حمایت کرنے کیلئے آخری موقع دیا گیا لیکن انہوں نے انکار کردیا۔

احمد بن عبدالعزیز السعود پر دباؤ تھا کہ وہ بن سلمان کو اپنا مکمل تعاون فراہم کریں۔ سعودی فرمانروا کے بھائی نے واضح کیا کہ وہ اس منصوبے کی حمایت نہیں کریں گے۔ احمد بن عبدالعزیز السعود نے بادشاہ سے کہا کہ وہ خود بھی بادشاہ بننے کے خواہشمند نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی ولی عہد نے شاہی خاندان کی سب سے طاقتور شخصیت کو گرفتار کر کے امریکا اور برطانیہ سے کیا گیا وعدہ توڑ دیا، 2018 میں شہزاد احمد بن عبدالعزیز السعود کی سعودی عرب پر واپسی پر امریکی و برطانوی خفیہ اداروں نے محمد سلمان سے گارنٹی لی تھی کہ سعودی فرمانروا کے بھائی کو دوبارہ گرفتار نہیں کیا جائے گا۔تاہم اب محمد بن سلمان نے وعدہ کی پاسداری نہ کرتے ہوئے اپنے چچا کو گرفتار کروا دیا ہے۔