کرونا وائرس کے باعث سعودی عرب کے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان

سعودی عرب میں جان لیوا وائرس کا جن بے قابو ہورہا ہے جس کے باعث تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے

Ahmad Tariq احمد طارق پیر 9 مارچ 2020 00:46

کرونا وائرس کے باعث سعودی عرب کے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان
ریاض (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مارچ 2020ء) کرونا وائرس کے باعث سعودی عرب کے تمام سرکاری، نجی یونیورسٹیاں، فنی تعلیمی اسکول، اور ادارے بند کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودیہ وزارت تعلیم نے جان لیوا کرونا وائرس کے باعث سعودی عرب کے تمام سرکاری، نجی یونیورسٹیاں، فنی تعلیمی اسکول، اور اداروں کو غیر اعلانیہ طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب نے کرونا وائرس کے خطرے کے پیشِ نظر القطیف کے علاقے کو مکمل طور پر بند کردیا ہے۔ واضح رہے کہ اتوار کے روز سعودی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے مزید 4 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کیسز کی مجوموعی تعداد 11 ہو گئی ہے۔سعودی عرب میں کرونا وائرس کا جن مزید طاقتور ہونے لگا ہے گزشتہ روز بھی وزارتِ صحت کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ مملکت میں کرونا وائرس کے مزید2 شکار سامنے آ ئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس قبل بھی بھی مملکت میں کرونا وائرس کے تین مریض سامنے آئے تھے۔ جن میں میاں بیوی کے علاوہ ایک اور فرد بھی شامل ہے۔ عاجل کے مطابق متاثرہ خاوند کچھ عرصہ قبل ایران گیا تھا جہاں وہ کرونا وائرس کا شکار ہے۔وہاں کچھ روز گزارنے کے بعد یہ سعودی باشندہ کویت کے راستے واپس سعودی عرب آیا۔ اس شخص نے ایران میں اپنے قیام کے بارے میں کچھ نہیں بتایا تھا۔

بعد میں اس کی حالت بگڑ گئی تو اسے ہسپتال میں لیے جانے پر کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ اس سعودی مرد کی بیوی کے ٹیسٹ لیے جانے پر اس میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ جبکہ کرونا وائرس سے متاثرہ تیسرا شخص بحرین سے واپس آیا تھا۔سعودی عرب نے بدھ کو ایک اور شہری کے کرونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی ہے۔ یہ شخص بھی بحرین کے راستے ایران سے حال ہی میں مملکت میں لوٹا ہے اور حکام نے اس کا سراغ لگا لیاہے۔ تاہم اب کرونا وائرس کے باعث سعودی عرب کے تمام سرکاری، نجی یونیورسٹیاں، فنی تعلیمی اسکول، اور ادارے غیر اعلانیہ طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔