نوجوان کوہ پیما شبیر حسین سد پارا سکردو بس حادثہ میں جاں بحق ہو گئے

پیر 9 مارچ 2020 23:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2020ء) نوجوان کوہ پیما شبیر حسین سد پارا سکردو بس حادثہ میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو گلگت بلتستان کے شہر سکردو کے نزدیک مسافر بس دریائے سندھ میں گرنے سے 20 مسافر جاں بحق ہو گئے جن میں شبیر حسین سد پارا بھی شامل ہیں۔ الپائن کلب آف پاکستان (اے سی پی) کے سیکرٹری قرار حیدری کے مطابق سد پارا نے گزشتہ سال 8 ہزار 47 میٹر بلند چوٹی سر کی تھی جو کوہ قراقرم میں واقع دنیا کی 12 ویں بلند ترین چوٹی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 26 سالہ نوجوان کوہ پیما راولپنڈی سے سکردو جا رہے تھے جب ان کی بس یلبو روڈ کے قریب دریائے سندھ میں جاگری۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق 20 مسافروں کے جاں بحق ہونے جبکہ پانچ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ادھر الپائن کلب کے صدر ابوظفر صادق اور قرار حیدری نے شبیر حسین سدپارا اور دیگر مسافروں کی وفات پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے جبکہ اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔