ایف بی آر نے گوشوارے جمع نہ کرانے والے 5لاکھ50ہزار افراد کو نوٹسز جاری کر دئیے

مختلف سرکاری محکموں کے ہزاروں ملازمین بھی شامل ،ایک ماہ کی مہلت ،40ہزار جرمانے عائد کرنے کا بھی عندیہ

بدھ 11 مارچ 2020 15:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2020ء) فیڈرل بورڈ آف ریو نیو نے انکم ٹیکس اور اثاثہ جات کے حوالے سے گوشوارے جمع نہ کرانے والے 5لاکھ50ہزار افراد کو نوٹسز جاری کر دئیے جس میں مختلف سرکاری محکموں کے ہزاروں ملازمین بھی شامل ہیں ، گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کو ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے 40ہزار جرمانے عائد کرنے کا عندیہ بھی دیدیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق انکم ٹیکس اور اثاثہ جات کے گوشوارے جمع نہ کرانے والے ساڑھے پانچ لاکھ لوگوں کو نوٹسز جاری کر کے تنبیہ کی گئی ہے کہ ایک ماہ میں گوشوارے جمع نہ کرانے کی صورت میں 40ہزار روپے جرمانے عائد کیا جائے گا ۔ ریجنل ٹیکس آفس ٹو نے نان فائلرز کے ساتھ گوشوارے جمع نہ کرانے والے این ٹی این ہولڈرز کو بھی نوٹس جاری کئے ہیں ۔ مختلف سرکاری محکموں لیسکو ، واپڈا، سوئی گیس، پنجاب پولیس، ایف آئی اے اور ریلوے کے 66ہزار سے زائد سرکاری ملازمین کو بھی نوٹسز کا اجراء کیا گیا ہے۔ مختلف سرکار ی نجی بینکوں ،کارپوریٹ کمپنیوں کے ملازمین اورسرکاری و نجی ہسپتالوں کے ڈاکٹروں کو بھی گوشوارے جمع کرانے کے لئے انتباعی نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔