پرچم کو بوسہ دینے سے پرچم میں لپٹنے کا سفر،شہید نعمان اکرم کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

مولانا طارق جمیل نے شہید پائلٹ کی نمازجنازہ پڑھائی، نعمان اکرم کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 12 مارچ 2020 12:37

پرچم کو بوسہ دینے سے پرچم میں لپٹنے کا سفر،شہید نعمان اکرم کی نماز جنازہ ..
لاہور (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 12 مارچ 2020ء ) شکرپڑیاں کے قریب طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والے ونگ کمانڈر نعمان اکرم کی نماز جنازہ لاہور میں ادا کر دی گئی۔ونگ کمانڈر نعمان اکرم کی نماز جنازہ لاہور میں عسکری ٹین میں ادا کی گئی۔معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل نے شہید پائلٹ کی نمازجنازہ پڑھائی۔نماز جنازہ میں اعلیٰ فوجی قیادت اور سول قیادت نے شرکت کی۔

بعدازاں شہید پائلٹ کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔گذشتہ روز راولپنڈی میں بھی ان کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سمیت دیگر فوجی و سول حکام نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے طیارہ کریش میں شہید ہونے والے ونگ کمانڈر نعمان اکرام کو بہترین نشانہ بازی پر انفرادی طور پر شیرافگن ٹرافی سے نوازا تھا، لاہور سے تعلق رکھنے والے ونگ کمانڈر نعمان اکرم کے والد بھی فوج میں تھے جو بریگیڈیئر کے عہدے پر ریٹائر ہوئے، نعمان اکرم کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔

پاکستان فضائیہ کے پائلٹ ونگ کمانڈر نعمان اکرم بدھ کی صبح اسلام آباد کے علاقے شکر پڑیاں کے نزدیک ایف 16 طیارہ گرنے سے شہید ہوگئے ، وہ 23 مارچ کو یوم پاکستان کی تقریب کے سلسلے میں جاری مشقوں میں شریک تھے۔وہ سال 2000 میں 106 ویں جی ڈی پائلٹ کورس سے پاس آئوٹ ہوئے تھے اور ان کا تعلق سرگودھا میں تعینات نائن اسکواڈرن سے تھا۔ بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہید ونگ کمانڈر نعمان اکرم کو زبردست انداز میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دفاع وطن کیلئے جان دینا سب سے اعلیٰ قربانی ہے، غمزدہ خاندان کے دکھ میں شریک ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہید ونگ کمانڈر نعمان اکرم کو زبردست انداز میں خراج عقیدت پیش کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالی نعمان اکرام کو بلند درجات عطاء فرمائے ۔