ویمن پارلیمانی کاکس نے اہم اہداف حاصل کئے، کامیابیوں کے 10 سال مکمل ہونے پر کاکس کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،

وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا تقریب سے خطاب

جمعرات 12 مارچ 2020 15:02

ویمن پارلیمانی کاکس نے اہم اہداف حاصل کئے، کامیابیوں کے 10 سال مکمل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2020ء) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ ویمن پارلیمانی کاکس نے اہم اہداف حاصل کئے ہیں، اس کے کامیابیوں کے 10 سال مکمل ہونے پر کاکس کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، اس دورانیے میں کاکس کو کئی چیلنجوں کو سامنا رہا لیکن انہوں نے اجتماعی کاوشوں سے ان تمام چیلنجوں سے نمٹا۔

وہ جمعرات کو یہاں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت ویمن پارلیمانی کاکس کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ پارلیمانی ویمن کاکس کا قیام ان کی سپیکر شپ کے دور میں عمل میں لایا گیا اور موجودہ حکومت خواتین کو سماجی اور معاشی اعتبار سے بااختیار بنانے کے لئے پر عزم ہے۔ اس کی ایک واضح مثال احساس پروگرام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ ایک حقیقیت ہے کہ پاکستان کی خواتین بہت باصلاحیت ہیں۔ وہ ملک کی سیاسی، سماجی، اقتصادی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کررہی ہیں۔ اس کے باوجود کہ خواتین سیاست میں بھی آگے آئی ہیں اور پارلیمان کا 21 فیصد خواتین پر مشتمل ہے تاہم دستیاب اعداد وشمار کے مطابق ورکنگ ویمن کی تعداد حوصلہ افزاء نہیں ہے۔ مردوں کے مساوی کام کرنے والی خواتین کو لانے کے لئے مزید کاوشوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کو ورثے کے حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔ ان حقوق کی جدوجہد کے لئے خواتین میں خصوصی اور عوام میں عمومی آگاہی مہم کی ضرورت ہے۔